ہندوستان کو باہمی سیریز کھیلنے پاکستان کا چیلنج

اسلام آباد ۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کے دروازے جلد کھلیں گے۔ ٹیم نے متحد ہو کر چیمپئنزٹرافی میںکامیابی حاصل کی لیکن مزید آگے بڑھنا ہے۔ انہوں نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں تقریب کے موقع خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا استقبالیہ پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا ہندوستان کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ ہم سے دوطرفہ کرکٹ کھیلے، وہ ہم سے ڈر رہے ہیں کیونکہ انہیں شکست کا خوف ہے۔انہوں نے عالمی ٹیموں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان آئیں، پاکستانی پرامن لوگ ہیں، یہاں بہترین سیکورٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش سے بات چیت جاری ہے، امید ہے ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور کامیابیوں سے ملک کے عوام کے چہروں پر خوشی آئی ہے۔ کرکٹ ٹیم کی کامیابی کی ایک وجہ سرفراز احمد کی کپتانی بھی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ستمبر میں آئی سی سی انٹرنیشنل ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بورڈ کے ساتھ تعاون اور اسے مضبوط کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم نے مجھے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کی ذمہ داری دی ، ان کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ہم نے پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بنایا، یہاں پی ایس ایل کا انعقاد ہوا۔ اس دن ہم نے دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستانی پرامن لوگ ہیں اور ہم نے دہشت گردی کو شکست دی ہے۔ ہماری کرکٹ ٹیم نے ہمیں کئی خوشیاں دی ہیں، ٹسٹ درجہ بندی میں پہلے مقام پر آئی۔