میلبورن ۔24 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹسٹ میچ میلبورن میں 26 دسمبر کو شروع ہوگا۔ اس میچ میں جس ٹیم کی کامیابی ہوگی ، اس کی نہ صرف سیریز جیتنے کی امید بڑھ جائے گی بلکہ سیریز میں شکست کا خطرہ بھی ٹل جائے گا۔ حالانکہ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی اس لئے مشکل کہی جارہی ہے کیونکہ باکسنگ ڈے ٹسٹ کا چیلنج ہندوستانی ٹیم کیلئے ہمیشہ ہی مشکل بھرا رہا ہے۔ ہندوستان نے اب تک باکسنگ ڈے یعنی 26 دسمبر کو شروع ہوئے 14 ٹسٹ میچ کھیلے ہیں ، جس میں سے صرف ایک میں ہی اس کو کامیابی ملی ہے جبکہ 10 مقابلوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ جبکہ تین میچ ڈرا رہے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم کو جس باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ میں کامیابی ملی ہے وہ آسٹریلیا میں نہیں بلکہ جنوبی افریقہ میں تھا۔ ہندوستان کیلئے باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کے نتائج اب تک کچھ حوصلہ افزا نہیں رہے ہیں۔ مہمان ٹیم نے آسٹریلیا میں اب تک سات باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کھیلے ہیں ، جس میں سے پانچ میں اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ دو مقابلوںکا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔ آسٹریلیا میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ 1980 سے ہر سال میلبورن میں کھیلا جاتا ہے۔ہندوستان نے آخری باکسنگ ڈے میچ 2014 میں میلبورن میں کھیلا تھا جو ڈرا رہا تھا۔ یہ سابق کپتان دھونی کا آخری ٹسٹ میچ تھا اور اس کے بعد انہوں نے کرکٹ کے اس فارمیٹ سے سبکدوشی لینے کا اعلان کردیا تھا۔ آسٹریلیا سے باہر اگر 26 دسمبر کو شروع ہونے والے ٹسٹ میچوں قومی ٹیم کی ریکارڈ دیکھیں تو ہندوستان نے جنوبی افریقہ میں بھی پانچ باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ کھیلے ہیں۔ ان میں سے چار میں اس کو شکست ہوئی ہے اور ایک میں کامیابی ملی۔