نوی ممبئی۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) افسانوی کرکٹر سچن تنڈولکر نے آج کہا کہ ہندوستان، اسپورٹس شائقین کا ملک ہے لیکن اس کو بذات خود بہترین اسپورٹس کھیلنے والے ملک میں تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔ تنڈولکر نے سی ووڈس گرینڈ سنٹرل سال پر اسماش سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد کہا کہ ’’میں ہمیشہ کہتا رہا ہوں کہ ہندوستان کو بہترین اسپورٹس کھیلنے والا ملک بننا چاہئے۔ ہمارا ملک اسپورٹس پسند کرنے والا ملک ضرور ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم کھیلنا بھی شروع کریں۔ صحت مند مسابقت ہمیشہ بہتر رہتی ہے‘‘۔ سچن نے مزید کہا کہ ’’جسمانی فٹنس اور ذہنی فٹنس ایک صحت مند انسان بناتی ہے۔ مجھے یاد ہے جب میں کمسن بچہ تھات میری دادی کہتی تھیں کہ صحت سب سے بڑی دولت ہے‘‘۔