ہندوستان کوٹسٹ درجہ بندی میں نقصان کے بعدپانچواں مقام

دبئی۔یکم مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بین الاقوامی سیزن میں ہندوستان کے مایوس کن مظاہروں کا اثر اس کی درجہ بندی پر بھی پڑا ہے جیسا کہ آج آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں ہندوستان کو نقصان کے بعد پانچویں مقام پر پہنچنا پڑا ہے ۔ تازہ ترین درجہ بندی میں 2008ء کے بعد آسٹریلیا نے پھر ایک مرتبہ نمبر ایک مقام حاصل کرلیا ہے کیونکہ آخری مرتبہ آسٹریلیا کو اگست 2009ء میں پہلا مقام حاصل ہوا تھا لیکن انگلینڈ کے خلاف 2-1کی شکست کے بعد اسے یہ مقام پھر گنوانا پڑا تھا ۔ ہندوستان کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے حالیہ دوروں پر ناکامیاں برداشت کرنی پڑی تھی جس کی وجہ سے وہ 10درجہ بندی کے نشانات گنوا دیئے ہیں ۔ ونڈے درجہ بندی میں مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو دوسرا مقام حاصل ہے ۔

ہندوستان جس نے 2010-2011ء میں آسٹریلیا ‘ نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف فتوحات کے علاوہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز ڈرا کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اب ان فتوحات کا درجہ بندی پر کوئی اثر نہیں ۔ اسی طرح 2011-2012ء میں ہندوستان کو ویسٹ انڈیز اور پھر 2012-2013ء میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف حاصل ہونے والی فتوحات کا 50فیصد فائدہ حاصل ہوا ہے ۔ ونڈے درجہ بندی میں سرفہرست تین ٹیموں کے درمیان کوئی واضح فرق موجود نہیں ہے جیسا کہ آسٹریلیا بدستور پہلے مقام پر فائز ہے جب کہ ہندوستان اور سری لنکا کو درجہ بندی کے نشانات میں نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔ ٹسٹ درجہ بندی میں اگست 2012ء سے جنوبی افریقہ نمبر ایک مقام پرم وجود تھی لیکن اب اسے آسٹریلیا کے خلاف تھوڑے سے فرق کی وجہ سے پہلا مقام گنوانا پڑا ہے ۔ ٹسٹ درجہ بندی میں ٹیموں کے جدول میں آسٹریلیا نے 115 سے چھلانگ لگاتے ہوئے 123نشانات کے ذریعہ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے‘ جب کہ جنوبی افریقہ کو 127نشانات سے نقصان برداشت کرنے کے بعد اب 123نشانات حاصل ہوئے ہیں ۔ اس طرح دونوں ٹیموں کے درمیان نشانات کا فرقہ ایک ہندسے سے بھی کم ہے ۔ آئی سی سی نے کہا ہے کہ 2010 اور 2011ء کے نتائج کو درجہ بندی کے جمع پر سے خارج کردیا گیا ہے جب کہ 2012-2013ء کے نتائج سے بھی 50فیصد نتائج کو کم کردیا گیا ہے

۔ مصباح الحق کی زیرقیادت پاکستان نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ ٹسٹ درجہ بندی میں ہندوستان سے چوتھا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک نے آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی اور اس میں اپنی ٹیم کی دوبارہ نمبر ایک مقام پر واپسی پر خوشی کا اظہار کرنے کے علاوہ کہا کہ ٹسٹ اور ونڈے کی درجہ بندی میں نمبر ایک مقام پر واپسی یقیناً گذشتہ چند مہینوں کی محنتوں کا نتیجہ ہے ۔ مائیکل کلارک نے مزید کہا کہ ٹیم نے نمبر ایک مقام تو حاصل کرلیا ہے لیکن اس کیلئے اس سے بڑا چیالنج پہلے مقام کو برقرار رکھنا ہے ۔ موجودہ نمبر ایک ٹیم کے کپتان کلارک نے مزید کہا کہ رواں سیزن پاکستان اور ہندوستان کے خلاف ٹسٹ سیریز کے علاوہ ونڈے کی میزبانی کے ساتھ عالمی چمپئن کا اعزاز حاصل کرنا آسٹریلیا کا اصل مقصد ہے اور اس کیلئے ٹیم پُرعزم ہے ۔