ہندوستان کوحیران کن شکست،بنگلہ دیش چمپیئن

کوالالمپور۔10جون(سیاست ڈاٹ کام)بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم نے ہندوستان کو شکست دے کرٹی20 ویمن ایشیا کپ جیت لیا۔ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا جس کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔ہندوستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہو ئے 9 وکٹ پر 112 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کو فائنل جیتنے کیلئے 113رنز کا ہدف دیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم نے ہندوستان کی جانب سے کامیابی کیلئے دیاگیا 113رنز کا نشانہ 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور ہندوستان کو تین وکٹوں سے شکست دیدی۔میچ کا فیصلہ آخری گیند پر ہوا۔بنگلہ دیش کو کامیابی کیلئے آخری اوور میں 9درکار تھے جہاں دوسری گیند پر رومانہ احمد نے چوکا لگا کر نشانہ کو آسان کیا لیکن چوتھی اور پانچویں گیند پر کپتان ہرمن پریت کور نے مسلسل دووکٹیں لیتے ہوئے نہ صرف مقابلے میں سنسنی پیدا کردی بلکہ ہندوستان کے پھر ایک مرتبہ چمپیئن بننے کے امکانات بھی روشن کردیا لیکن آخری گیند پرجہاں آرا عالم نے 2 رنز بناتے ہوئے اپنی ٹیم کو پہلی مرتبہ چمپیئن بنادیا۔ہرمن پریت کور کو ٹورنمنٹ کی بہترین کھلاڑی اور رومانہ احمد کو مقابلہ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔یاد رہے کہ لیگ مرحلے میں بھی بنگلہ دیش نے ہندوستان کو حیران کن شکست سے دوچار کیا تھا۔