کامن ویلتھ گیمزہاکی ٹورنمنٹ 2018 کا اعلان
برسبین ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئندہ برس آسٹریلیا میں مجوزہ کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ کی تفصیلاتکا اعلان کر دیا گیا جب کہ ہندوستان کا روایتی حریف پاکستان سے 7اپریل کو آمنا سامنا ہو گا۔اولمپکس کے بعد کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ کامن ویلتھ گیمز آئندہ برس آسٹریلیا میں سجے گا۔ انتظامیہ نے میگا ایونٹ کے ہاکی ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کا ہاکی ایونٹ 5 تا 14اپریل کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کی ہاکی ٹیمیں پول بی میں ویلز ، انگلینڈ اور ملائیشیا کی ٹیموں کے ہمراہ شامل ہیں۔پول اے 5 مرتبہ کی چیمپئن آسٹریلیا کے ساتھ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، کینیڈا اور اسکاٹ لینڈ ٹیموں پر مشتمل ہے۔ میگا ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ روایتی حریفوں پاکستان اور ہندوستان کیخلاف 7 اپریل کورکھا گیا ہے۔حالیہ دنوں میںہندوستان اور پاکستان کے درمیان 7 میچز کھیلے گئے، ان تمام مقابلوں میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دی ہے،بنگلہ دیش میں ایشیا کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کو روایتی حریف ہندوستان کیخلاف دومرتبہ شرمناک شکستوں کا سامنا رہا۔قابل ذکر ہے کہ کامن ویلتھ گیمز 2014 میں اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا، ہندوستان، جنوبی افریقہ، ویلز، کینیڈا، انگلینڈ، ملائیشیا، نیوزی لینڈ اور ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو نے شرکت کی تاہم پاکستان اولمپک اسوسی ایشن کے 2 متحارب گروپوں کی لڑائی کی وجہ سے تاریخ میں پہلی بار میگا ایونٹ کا حصہ بننے میں کامیاب نہ ہو سکی۔کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو مات دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ہندوستان نے تیسرا اور نیوزی لینڈ نے چوتھا مقام حاصل کیا۔ پاکستانی ٹیم اب تک کامن ویلتھ گیمز میں ایک مرتبہ بھی گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
کامن ویلتھ گیمز کے ہاکی ایونٹ میں جاری تفصیلی شیڈول کے مطابق مقابلے 5 اپریل سے شروع ہوں گے، ابتدائی دن 2 میچز کا فیصلہ ہو گا۔ پاکستانی ٹیم ویلز کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ جنوبی افریقہ کا میچ اسکاٹ لینڈ کے ساتھ ہوگا۔ 6 اپریل کو انگلینڈ کا میچ ملائیشیا کیساتھ ہوگا جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کینیڈا کیخلاف میدان میں اترے گی۔7 اپریل اہم مقابلہ پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا اور اسی دن ملائیشیا کا میچ ویلز، کینیڈا کا اسکاٹ لینڈ اور آسٹریلیا کا جنوبی افریقہ کے ساتھ ہو گا۔ 8 اپریل کو پاکستانی ٹیم انگلینڈ کیخلاف نبرد آز ما ہوگی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقہ کے خلاف رکھا گیا ہے اورہندوستانی ٹیم ویلز کیخلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ آسٹریلیا کا حریف اسکاٹ لینڈ ہو گا۔9 اپریل کو ایونٹ کا کوئی میچ نہیں ہو گا جبکہ10 اپریل کو ایک مرتبہ پھر 4 میچز کا فیصلہ ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم ملائیشیا کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی، نیوزی لینڈ کا میچ اسکاٹ لینڈ کے خلاف رکھا گیا ہے، انگلینڈ کا مقابلہ ویلزکے ساتھ ہوگا اور آسٹریلیا کی ٹیم کینیڈا کے خلاف میدان میں اترے گی۔11 اپریل کو پاکستان کا مقابلہ ملائیشیاکے ساتھ ہوگا، آسٹریلیا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، ہندوستان کا مقابلہ انگلینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ کینیڈا کا میچ جنوبی افریقہ کیساتھ ہو گا۔ 13 اپریل کو کلاسیفیکشن اور سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 14 اپریل کو رکھا گیا ہے۔