ہندوستان کا 44 سال بعد سیمی فائنل میں رسائی کا خواب پورا نہ ہوسکا

لندن۔3 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم کو آئر لینڈ کے خلاف پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس کے ساتھ ہی اس کا 44 سال بعد خاتون ورلڈ کپ ہاکی ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب ٹوٹ گیا ۔ہندوستان اور آئرلینڈ کے درمیان مقررہ وقت تک مقابلہ بغیر گول کے رہنے کے بعد پنالٹی شوٹ آؤٹ کی مدد لی گئی جس میں ہندوستانی ٹیم ایک ہی گول کر سکی جبکہ آئر لینڈ نے تین مرتبہ گیند کوگول میں پہنچایا۔ہندوستانی ٹیم نے کراس اوور میچ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کو 3-0 سے شکست دی تھی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے آئر لینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستانی ٹیم کو گروپ مرحلے میں بھی آئرلینڈ کے خلاف 1-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دنیا میں10 ویں نمبرکی ٹیم ہندوستان کی کارکردگی 16 ویں نمبر کی ٹیم آئر لینڈ سے مقرر وقت میں زبردست رہی اور دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ شوٹ آؤٹ میں آئر لینڈ کی ٹیم بہتر ثابت ہوئی۔ ہندوستان نے شوٹ آوٹ میں پہلے تین موقع گنوائے اور اس کے ساتھ ہی اس کے ہاتھ سے44 سال بعد سیمی فائنل میں جانے کا موقع ہاتھ سے نکل گیا۔ساتویں مرتبہ عالمی کپ کھیل رہی ہندوستانی ٹیم نے بہترین کارکردگی 1974 کے عالمی کپ میں پیش کی تھی اور ٹیم اس وقت چوتھے نمبر پر رہی تھی لیکن اس مرتبہ وہ امیدیں جگانے کے باوجود اس منزل تک نہیں پہنچ سکی۔شوٹ آوٹ میں ہندوستانی گول کیپر سویتا نے مایوس کیا جبکہ اس سے پہلے تک ان کا ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ رہا تھا۔ کپتان رانی ، مونیکا اور نوجوت کور نے شوٹ آوٹ میں مواقع گنوائے جبکہ رینا کھوکھر نے چوتھی کوشش میں گیند کو گول میں پہنچایا۔کلوواٹکنز نے پانچویں کوشش میں جیسے ہی سویتا کو شکست دی آئر لینڈ کی ٹیم خوشی سے جھوم اٹھی۔ آئر لینڈ نے اس جیت کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا مقابلہ 4 اگست کو اسپین سے ہوگا۔ہندوستانی ٹیم اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں اولمپک چمپئن انگلینڈ سے شکست کے چوتھے نمبر پر رہی تھی۔ ہندوستان کو اب18 اگست کو انڈونیشیا میں شروع ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کے ارادے سے اترنا ہوگا تاکہ اسے براہ راست ہی 2020 کے ٹوکیو اولمپک کا ٹکٹ مل سکے ۔