نئی دہلی۔19 جون (سیاست ڈاٹ کام) اجے ٹھاکر کی قیادت میں ہندستانی کبڈی ٹیم دبئی میں22 تا30 جون ہونے والے کبڈی ماسٹرز ٹورنمنٹ میں حصہ لینے دبئی روانہ ہو گئی ہے ۔کبڈی ماسٹرز میں چھ ٹیمیں ہندستان ، پاکستان، کوریا، ایران، ارجنٹینا اور کینیا حصہ لے رہے ہیں۔ہندستان ، پاکستان اور کینیا کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں ایران، کوریا اور ارجنٹینا کو رکھا گیا ہے ۔ہندستان اور پاکستان کی ٹیمیں گروپ میچوں میں دو مرتبہ 22 اور 25 جون کو نبرد آزما ہوں گی۔دونوں گروپ میں ہر ٹیم دو دو مرتبہ ایک دوسرے سے کھیلیں گی اور سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنلز میں پھنچیں گی۔ٹورنمنٹ میں روزانہ دو میچ ہوں گے جو ہندوستانی وقت کے مطابق رات آٹھ اور نو بجے کھیلے جائیں گے ۔بین الاقوامی کبڈی فیڈریشن اس ٹورنمنٹ کا انعقاد کر رہا ہے ۔