ہندوستان کا 215 رنز کی سبقت کیساتھ مستحکم موقف

نیوزی لینڈ 262 رنز پر آل آؤٹ ،میزبان دوسری اننگزمیں 159/1

کانپور 24 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) گرین پارک میں کھیلے جارہے تاریخی 500 ویں ٹسٹ میں ہندوستانی اسپنرس کی جوڑی روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی شاندار بولنگ کی بدولت حریف ٹیم کو جلد آؤٹ کرنے کے بعد مرلی وجئے اور چیتیشور پجارا کی نصف سنچریوں کی بدولت تیسرے دن کھیل کے اختتام پر مجموعی215  رنز کی سبقت حاصل کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے رواں مقابلہ میں مستحکم موقف حاصل کرلیا ہے۔ دن کے اختتام پر مرلی وجئے 152 گیندوں میں 7 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں ناقابل تسخیر 64 رنز اسکور کرلئے ہیں جوکہ رواں ٹسٹ میں اِن کی متواتر دوسری نصف سنچری ہے۔ جبکہ پجارا نے بھی 80 گیندوں میں 8 چوکوں پر مشتمل 50 رنز کی اننگز میں اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کرلی ہے۔ 47 اوورس کے کھیل میں ہندوستانی ٹیم نے اوپنر کے ایل راہول کی وکٹ کے نقصان کے باوجود 159 رنز اسکور کرلئے ہیں۔ پہلی اننگز میں 50 سے زائد رنز کی سبقت حاصل کرنے کے بعد اوپنرس کی جوڑی راہول اور وجئے نے ٹیم کو پھر ایک مرتبہ بہتر شروعات فراہم کی اور پہلی وکٹ کے لئے 52 رنز کی پارٹنرشپ نبھائی۔ راہول مقابلہ میں دوسری مرتبہ بہتر شروعات کے باوجود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہوئے۔ جیسا کہ انھوں نے 50 گیندوں میں 8 چوکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کو واحد کامیابی ایش سودھی نے دلوائی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 152/1 سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن صبح کے ابتدائی سیشن میں ہی اشون نے کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین لیتھم کو 58 رنز کی انفرادی اننگز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ لیتھم اپنے کل کے اسکور میں صرف 2 رنز کا اضافہ کرپائے جس کے بعد راس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے جڈیجہ کا شکار ہوئے۔

یکے بعد دیگرے وکٹوں کے زوال کی وجہ سے نیوزی لینڈ کو آج بڑا اسکور اور ہندوستان کے خلاف پہلی اننگز میں سبقت حاصل کرنے کے منصوبے کو کامیاب کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ مڈل آرڈر میں لیوک رونچی نے 38 اور اسپنر سینٹنر نے 32 رنز کے علاوہ وکٹ کیپر بیٹسمین واٹلنگ نے 21 رنز بناتے ہوئے ٹیم کو ابتدائی سیشن کے نقصانات سے باہر نکالنے کی کوشش کی لیکن جڈیجہ کی شاندار بولنگ کے بعد نچلی صف کے 4 بیٹسمین صرف دو رن ہی بنا پائے جس میں 3 بیٹسمین بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ جڈیجہ نے 34 اوورس میں 73 رنز کے عوض 5 جبکہ روی چندرن اشون نے 93 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔