نئی دہلی ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی فٹبال ٹیم نے آج جاری کردہ تازہ فیفا درجہ بندی میں ایک مقام آگے بڑھ کر 155 ویں پوزیشن پالیا ہے۔ قبل ازیں جولائی میں ہندوستان 15 پوزیشن گھٹ کر 156 ویں مقام پر آگیا تھا کیونکہ 2018ء فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز میں دو متواتر شکستیں ہوئی تھیں۔ ہندوستان کو حال میں نیپال نے پونے میں انٹرنیشنل فرینڈلی میچ میں گول سے عاری ڈرا پر مجبور کیا تھا۔ وہ اب ایران سے ورلڈ کپ کوالیفائر میں 8 ستمبر کو بنگلورو میں کھیلیں گے۔ دریں اثناء کوپا امریکا رنرز اپ ارجنٹینا بدستور دوسری پوزیشن والے بلجیم اور تیسرے مقام والے ورلڈ چمپئن جرمنی کے مقابل اول ہے۔ کولمبیا اور پانچ مرتبہ کے ورلڈ چمپینس برازیل کا ترتیب وار چوتھا اور پانچواں مقام ہے۔
سچن کا کیرالا میں لکژری وِلا کا منصوبہ
کوچی ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) کرکٹ کے مثالی اسٹار سچن تنڈولکر ’خدا کی سرزمین‘ کے لقب سے مشہور خطے میں شاہانہ واٹرفرنٹ وِلا اپنی ملکیت بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ماسٹر بلاسٹر جو ’کیرالا بلاسٹرز‘ نامی ساکر ٹیم کے شریک مالک ہیں، کوچی میں پانی کے پشت والے دلفریب علاقے کے کنارے زیرتعمیر عمارتوں میں سے ایک کو منتخب کررکھا ہے۔ پرائیویٹ ڈیولپر پرائم میریڈین کے ایک عہدہ دار نے کہا کہ تنڈولکر نے شہر میں پاننگڈ میں ایک ولا کو دیکھ رکھا ہے۔ وہ اس مقام پر ہفتہ کو دورہ کرتے ہوئے ’بلو واٹرز وِلا‘ کا مشاہدہ کریں گے۔ تاہم انھوں نے یہ کہنے سے انکار کیا کہ آیا راجیہ سبھا ایم پی اس وِلا کی خریداری طئے کرچکے ہیں۔ اس ولا کے تعلق سے عہدہ دار نے کہا کہ اس میں دو سویمنگ پولس ہیں۔ اس عمارت کیلئے ہائی ریزلیوشن والے سی سی ٹی وی کیمرہ ہوگا۔