دبئی ۔7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات پہلی مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کررہا ہے اور انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان اورپاکستان کے درمیان میچ 15 فروری کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔یہ دونوں ٹیمیں عالمی مقابلے کے گروپ اے کا حصہ ہیں۔متحدہ عرب امارات میں 14 فروری تا یکم مارچ تک ہونے والے اس ایونٹ کے مقابلے دبئی‘ شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے۔ہندوستان انڈر19 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن ہے‘ ہندوستان اور آسٹریلیا دو ایسے ممالک ہیں جنہوں نے یہ ایونٹ فی کس 3 مرتبہ جیتا ہے۔پاکستان کو مسلسل دو مرتبہ یہ ٹورنمنٹ جیتنے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔ 2004 میں پاکستان نے خالد لطیف کی قیادت میں کامیابی حاصل کی اور پھر دوسال بعد وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیادت میں اعزاز کا دفاع کیا۔متحدہ عرب امارات میں ہونے والے جونیئر عالمی مقابلے میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سمیع اسلم کر رہے ہیں۔سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ پاکستانی انڈر19 ٹیم متوازن ہے۔ بیٹنگ اور سپن بولنگ کا شعبہ مضبوط ہے۔سمیع اسلم کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل سے پہلے پاکستانی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیس میچ جیتے تھے
اور وہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پورے ٹورنامنٹ کے بارے میں پرامید ہیں۔بھارتی انڈر19 کپتان وجے زول کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم کو پاکستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہوگی کیونکہ ایشیا کپ انڈر19 کے فائنل میں انہوں نیپاکستان کو ہرایا تھا۔وہ کہتے ہیں کہ بھارتی ٹیم کی تیاری اچھی ہے اور بنیادی باتوں پر خاص طور پر توجہ دی گئی ہے جن میں وکٹوں کے درمیان دوڑنا اور فیلڈنگ قابل ذکر ہیں۔انڈر ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ گروپ اے میں اسکاٹ لینڈ اور پاپوانیوگنی کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس گروپ سے پاکستان اور بھارت کے سپر لیگ کوارٹرفائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔