ہندوستان کا پریکٹس میچ بارش کی نذر

سڈنی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستان کا آسٹریلیا الیون کے خلاف پریکٹس میچ کا پہلا دن شدید بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے جس کے بعد مہمان ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ جم پہنچے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے دورے میں شروعات سے ہی بارش کا سامنا رہا ہے اور تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز بھی بارش سے متاثر ہونے کے بعد1-1 پر ڈرا ختم ہوئی تھی۔ ہندوستان کو اب آسٹریلیا کے ساتھ6 دسمبر سے چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے لیکن چہارشنبہ کو شروع ہوئے چار روزہ پریکٹس میچ کا پہلا ہی دن بارش کی نذر ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سڈنی میں تین برسوں میں شدید بارش ہوئی ہے ۔ صبح سے ہی شدید بارش کی وجہ سے دونوں ٹیمیں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر اتر ہی نہیں سکیں ۔ دوپہرکے بعد امپائر نے مقامی وقت کے مطابق چار بجے میچ شروع کرنے کا اعلان کیا لیکن اس سے عین قبل پھر بارش شروع ہو گئی۔ ایس سی جی میں اگرچہ شدید بارش کے باوجود گراؤنڈ اور پچ متاثر نہیں ہوئے اورمطلع صاف ہونے کے بعد دوبارہ کھیل کا امکان تھا لیکن پھر سے بارش ہونے کے بعد پہلے دن کے کھیل کو منسوخ کر دیا گیا۔ پریکٹس میچ منسوخ ہونے کے بعد کپتان کوہلی کے علاوہ فاسٹ بولرایشانت شرما اور اوپنر مرلی وجے سب نے جم جاکر ٹریننگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی کپتان نے اپنے ٹوئٹر پر ایشانت اور مرلی کے ساتھ ایک تصویر بھی شائع کی ہے جس میں وہ سبھی کھلاڑی جم میں نظر آرہے ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان28 نومبر سے یکم دسمبر تک پریکٹس میچ ہے اور اس کے بعد ٹیم پہلے ٹسٹ کے لئے ایڈیلیڈ روانہ ہوگی جہاں 6 دسمبر کو ٹسٹ سیریز شروع ہوگی۔ ٹی20 سیریز کے بعد مرلی اور ایشانت ٹسٹ ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ٹوئنٹی20 سیریز سے پہلے بیٹنگ کوچ سنجے بانگڑ سڈنی پہنچے تھے جہاں انہوں نے ٹسٹ ماہر کھلاڑیوں کے ساتھ کام کیا۔ اوپنر مرلی، پرتھوی شا ،نائب کپتان اجنکیا رہانے ،بولرس ایشانت اور محمد سمیع بانگڑ کی رہنمائی میں ٹسٹ سیریز کیلئے تیاری میں مصروف ہیں۔
ٹسٹ ٹیم سے اخراج پر دھون مایوس
نئی دہلی۔28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام )شکھر دھون نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے دورے پر 18 رکنی ہندوستانی ٹسٹ ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر میں کافی دکھی تھا لیکن اب وہ ان چیزوں کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر ہیں جہاں اسے 6 دسمبر کو چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے ۔ ہندوستانی ٹیم میں اوپنرشکھردھون کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ٹسٹ میں مسلسل خراب کارکردگی کے بعد دھون کو ٹیم سے باہر رکھا ہے حالانہ ٹوئنٹی 20 سیریز میںدھون مین آف دی سیریز رہے۔