ہندوستان کا پاکستان سے 15 کروڑ کا مطالبہ

ممبئی۔13 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر ہندوستانی بورڈ سے 70 ملین ڈالر ہرجانے کا دعوی کیا تھا جس کا فیصلہ آئی سی سی کی کمیٹی نے ہندوستان کے حق میں دیا، جب پاکستان یہ مقدمہ ہار گیا تو اب ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ہرجانہ مقدمہ پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس مقدمہ کے اخراجات کے بابت پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے اس مقصد کیلئے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی تنازعات کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف سے رابطہ کر لیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہندوستان کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے مقدمہ کیا تھا تاہم مائیکل بیلوف کی ہی سرپرستی میں آئی سی سی کمیٹی نے مقدمہ کا فیصلہ ہندوستان کے حق میں دے دیا تھا جس کے بعد اب بی سی سی آئی مقدمہ پر آنے والے اخراجات کا پاکستان سے ازالہ چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ سابق چیئر مین نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014 کی متنازعہ بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں ہند۔پاک کے درمیان 2015ء سے 2023ء تک 6 سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹسٹ 30 ونڈے اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن ہندوستانی بورڈ نے بعد ازاں حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر کھیلنے سے انکارکردیا تھا۔