دبئی۔20اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان اورہندوستان کے درمیان ایشیاکپ میں مقابلے کی تاریخ کو تبدیل نہ کرنے کا اعلان کردیاگیا اور یہ سنسنی خیز مقابلہ مقررہ پرگرام کے مطابق 19 ستمبرکوہی ہوگا۔بی سی سی آئی نے تصدیق کردی ہے کہ 19ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ کی تاریخ کو تبدیل نہیںکیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ہندوستان کو 18اور19 ستمبرکو مسلسل دو میچز کھیلنے ہوں گے جس پر سابق ہندوستانی کھلاڑیوں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ٹورنمنٹ میں روایتی حریفوں کے مابین مقابلے کی تاریخ کو تبدیل کیا جائے ،بعض کھلاڑیوں کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان سے میچ ہی نہ کھیلا جائے۔ اطلاعات آئی تھیں کہ بی سی سی آئی پاکستانی ٹیم کے خلاف میچ کی تاریخ کو تبدیل کرنے کیلئے ایشین کرکٹ کونسل سے اصرار کرے گا تاہم چیف آپریٹنگ افسر راہول جوہری نے وضاحت کر دی کہ دونوں ٹیموں کے مابین میچ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیںہو گی۔پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ایشیا کپ میں بڑے مقابلے کیلئے ٹکٹوں کی فروخت بھی آج شروع ہو جائے گی۔ منتظمین کے مطابق اہم میچ کیلئے ٹکٹ کی قیمت بیس درہم سے لے کر 750 درہم تک مقرر کی گئی ہے۔ شائقین کیلئے ٹکٹ ابو ظہبی کرکٹ اسٹیڈیم اور دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم پر دستیاب ہوں گے۔دریں اثنائایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو رہی ہے ،ایونٹ میں ہند۔پاک مقابلہ 19 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔اے سی سی ایشیا کپ 15 تا 28 ستمبر متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا ، ایونٹ میں پاکستان ، ہندوستان ، سری لنکا ، بنگلہ دیش، افغانستان اور ایک کوالیفائر ٹیم حصہ لے گی۔ایونٹ میں پاکستان اور ہندوستان کی ٹیمیں19 ستمبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔ تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ 2018 کی ٹکٹوں کی قیمت 20 سے 750 درہم رکھی گئی ہے۔