ہندوستان کا منفی رویہ پورے جنوبی ایشیا پر اثرانداز : جنجوعہ

اسلام آباد۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی معتمد خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے آج ہندوستان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ حلیف نہیں بلکہ حریف ملک کی طرح بڑتاؤ کررہا ہے اور ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے پاکستان کے خلاف اسے کوئی پرانی ’’رقابت‘‘ ہو۔ جس طرح ہندوستان کا منفی رویہ اس وقت جاری ہے اس نے دونوں ممالک کے درمیان مثبت بات چیت کی راہ مسدود کر رکھی ہے جس سے نہ صرف ہند و پاک بلکہ پورا جنوبی ایشیا متاثر ہورہا ہے اور ترقی و امن سے محروم ہوتا جارہا ہے۔ تہمینہ جنجوعہ ’’کانفلکٹ اینڈ کوآپریشن ان ساؤتھ ایشیا: رول آف میجر پاورس‘‘ کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں جس کا انعقاد اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ (IPRI) نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے اسلام آباد میں سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت نہ کرکے اس علاقائی مجلس (سارک) کے عمل کو یرغمال بنا لیا ہے۔ پاکستان کے تئیں ہندوستان کے رویہ کے بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان صرف نفرت کی سیاست کررہا ہے اور اپنے آپ کو ایک ’’عظیم حریف‘‘ سمجھ رہا ہے جس کے منفی اثرات پورے جنوبی ایشیا پر مرتب ہورہے ہیں۔ یاد رہے کہ ہندوستان بھی پاکستان پر دہشت گردانہ حملے کرنے کے الزامات عائد کرتا رہا ہے اور پاکستان سے واضح طور پر کہا گیا ہے کہ دہشت گردی اور بات چیت ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔