ممبئی ۔ 25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں آئندہ ماہ کھیلے جانے والے 17 ویں ایشین گیمس میں باسکٹ بال کے مقابلوں میں ہندوستان، فلسطین، سعودی عرب اور قازقستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ گروپ بی میں ہندوستانی ٹیم جس کا عالمی درجہ بندی میں 61 واں مقام ہے اور ایشیاء میں 11 واں مقام ہے۔ وہ اپنا پہلا مقابلہ 20 ستمبر کو فلسطین کے خلاف کھیلے گی۔ سعودی عرب کی ٹیم جس کا عالمی درجہ بندی میں 9 واں مقام ہے، وہ ہندوستان کے خلاف 31 ستمبر کو مقابلہ کرے گی جبکہ دوسرے دن 22 ستمبر کو قازقستان ہندوستان کی حریف ٹیم ہوگی۔ علاوہ ازیں خاتون زمرہ میں ہندوستانی ٹیم جس کا عالمی درجہ بندی میں 40 واں مقام اور علاقائی سطح پر 5 واں مقام ہیں وہ راست طور پر کوارٹر فائنل مقابلہ جاپان سے کرے گی جس کا عالمی درجہ بندی میں 17 واں اور ایشیاء میں تیسرا مقام ہے۔ جاپان اور ہندوستان کے درمیان کوارٹر فائنل مقابلہ 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔