دبئی ۔20 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) دبئی میں پاکستان اور ہندوستان کے میچ کے بعد روایتی حریف ٹیموں کے درمیان اتوار کو سوپر فور کا میچ بھی کھیلا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے ایشیا کپ کے سوپر فور مرحلے کی تفصیلات کا اعلان کردیا ہے۔سوپر فور مرحلہ جمعے سے شروع ہوگا۔ جمعے کو پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گی۔ اتوار کو پاکستان اور ہندوستان دبئی میں جبکہ افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ابوظہبی میں میچ کھیلیں گی۔ منگل کو دبئی میں ہندوستان اور بنگلہ دیش کا میچ دبئی میں ہوگا۔ چہارشنبہ کو سوپر فور کا آخری میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شیخ زایداسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تحفظات کے باوجود منتظمین نے ہندوستان کے تمام میچ دبئی میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پانچ ٹیمیں ایک ہوٹل میں اور ہندوستانی ٹیم الگ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جمعرات کو آخری لیگ میچ کھیلنے کے بعد اگلے دن ہندوستان کے خلاف دبئی میں میچ کھیلے گی۔ سرفراز احمد نے کہا تھاکہ ایشیا کپ کے پول اے کو دیکھیں تو اگر ہندوستانی ٹیم دوسرے نمبر پر بھی آتی ہے تب بھی وہ ابوظہبی میں جاکر نہیں کھیلے گی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ سفر ایسا معاملہ ہے کہ میچوں کے دوران دیڑھ گھنٹے کا سفر آسان نہیں اور پھر اس شدید گرمی میں دبئی سے ابوظہبی جانا، ایک دن میچ اور پھر ایک دن آرام کے بعد دوبارہ میچ کھیلنا صحیح نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ کیا پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے اس بارے میں باضابطہ طور پر اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں توسرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں ہے لیکن جو بھی تحفظات ہونگے پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں دیکھ رہا ہوگا۔حیران کن طور پر گروپ میچوں میں ٹیموں کی کارکردگی کا سوپر فور مرحلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔