نئی دہلی/ کراچی ۔یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی نے اپریل میں لاہور میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ میں اپنی ٹیم روانہ کرنے سے انکار کردیاہے جس کی وجہ سے ٹورنمنٹ کا انعقاد خطرے میں پڑ گیا ہے۔ ہندوستانی بورڈ اپنی جونیئر ٹیم پاکستان بھیجنے کو تیار نہیں ہے۔ اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس سال ستمبرمیں ہندوستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت کا فیصلہ کرنا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی دستبرداری سے ٹورنمنٹ کا انعقاد خطرے میں پڑجائیگا۔ ہندوستان ٹیم نے آخری مرتبہ 2008 میں ایشیا کپ کے لیے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔2009 میں سری لنکائی ٹیم پر حملے کے بعد سے کوئی بھی بیرونی ٹیم پاکستان نہیں آئی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین نجم سیٹھی اس وقت ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی ہیںکہا کہ بہت جلد کولمبو میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس طلب کیا جارہا ہے، اس میں کئی امور حل کئے جائیں گے۔ تاہم ہندوستان کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کا موقف باکل واضح ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اپریل میں پاکستان میں ایمرجنگ ایشیا کپ کا انعقاد ناممکن ہے۔ ایسے میں سری لنکا اوربنگلہ دیش ہی میزبانی کے لئے زیر غور آسکتے ہیں۔ تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ستمبر میں ٹیم ہندوستان بھیجنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ اپریل میں ہندوستان کے شہر کولکتہ میں آئی سی سی کا اجلاس ہونا ہے اورنجم سیٹھی کی شرکت غیر یقینی ہے کیوں کہ ہندوستان کے اس اجلاس کے لئے نجم سیٹھی کو ویزا جاری نہیں کرے گا۔ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ویزا ملا تو جائوں گا لیکن مجھے ہندوستان جانے کا کوئی شوق نہیں ہے۔ میں آئی سی سی کا ڈائریکٹر ہوں ، وہ اس بارے میں خود ہندوستانی وزارت خارجہ سے بات کریں گے۔ ایشین کرکٹ کونسل کا اگلا اجلاس بہت اہم ہوگا اس میں تمام حل طلب امور طے کئے جائیں گے۔ جس میں جونیئر ایشیا کپ سمیت ایشیا کپ کی میزبانی کا معاملات بھی طے ہوں گے۔