شارجہ۔25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ایشیا کپ کی تفصیلات کا اعلان کردیا گیا ہے اور ایونٹ میں ہندوستان اور پاکستان ایک ہی گروپ میں موجود ہیں جن کے درمیان مقابلہ 19 ستمبر کو ہوگا۔15ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایونٹ میں کل 6 ٹیمیں شریک ہیں جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ایونٹ کی میزبانی پہلے ہندوستان کو کرنی تھی لیکن پاکستان کی جانب سے اس میزبانی پر ہچکچاہٹ کے سبب ایونٹ کو ہندوستان سے امارات منتقل کردیا گیا تھا۔ایونٹ کے پہلے گروپ میں دفاعی چمپیئن ہندوستان، پاکستان اور کوالیفائر شامل ہیں جبکہ گروپ بی سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پر مشتمل ہے۔ایشیا کپ کا افتتاحی میچ 15ستمبر کو سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ ہندوستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 18 ستمبر کو کوالیفائر کے خلاف کھیلے گا۔ایونٹ کا تیسرا میچ ابو ظہبی میں 17ستمبر کو افغانستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایونٹ کا سب سے اہم ترین میچ 19ستمبر کو پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ راؤنڈ مرحلے کا آخری میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ایونٹ میں پہلی مرتبہ سوپر فور مرحلے کو متعارف کروایا گیا جس میں دونوں گروپ کی ابتدائی دو بہترین ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی اور اس مرحلے میں ہر ٹیم جملہ تین میچ کھیلے گی۔سوپر فور کی دو بہترین ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔