کراچی۔ 10؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی نے کہا ہے کہ بی سی سی آئی کی جانب سے بگ تھری کے مسئلے پر اپنی آئی سی سی بنانے کی دھمکی دینا مضحکہ خیز ہے۔ کرکٹ ویب سائیٹ سے گفتگو میں انہوں نے کہا میرے دور صدارت میں بھی ایک رکن ملک نے آئی سی سی ایونٹس کے بائیکاٹ کی بات کی تھی، میں نے اس سے متاثر ہوئے بغیر آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز سے بات کی۔ ان رکن ممالک نے صاف کہہ دیا تھا کہ ہم آئی سی سی کے دائرے میں رہیں گے۔ یہ جان کر مذکورہ ملک کو سمجھ آگیا تھا کہ اس کی دھمکی میں بے جان ہے۔ موجودہ صورتِ حال میں بھی میں اگر صدر ہوتا تو ایسا ہی کرتا۔پہلے تو میں بی سی سی آئی سے کہتا کہ اپنا موقف تحریری طور پر پیش کرے جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر ارکان کو متحد رکھتا جس سے بی سی سی آئی کو سخت پیغام پہنچتا۔