دی ہیگ۔ 8؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہاکی ورلڈ کپ میں ہندوستان کو ملائیشیاء کے مقابلہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد کل انتہائی سخت چیلنج کا سامنا ہے اور فائنل پریلیمنری گیم میں چمپئنس آسٹریلیا سے اس کا مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان نے ابتدائی میاچس ہارنے کے بعد کل ملائیشیاء کو 3-2 سے شکست دی اور مقابلہ میں واپسی کی۔ ٹیم کا طاقتور اور ناقابل شکست آسٹریلیا سے مقابلہ ہے۔ ہندوستانی کپتان سردار سنگھ نے کہا کہ ملائیشیاء کے خلاف کامیابی سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور ہم دفاعی چمپئن آسٹریلیا کے ساتھ کھیلنے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں ماحول سازگار اور مثبت ہے۔
ہندوستان میں بھی جوش و خروش
فیفا ورلڈ کپ کا ہندوستان میں بھی کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے اور ملک کے بڑے شہروں میں واقع اسٹیڈیمس، پارکس اور ریسٹورنٹس میں بڑے اسکرینس نصب کئے جارہے ہیں جہاں شائقین کے لئے ورلڈ کپ مقابلوں کا مشاہدہ کرنے کے لئے انتظام رہے گا۔ اس ورلڈ کپ میں جملہ 32 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور یہ 12 جون سے شروع ہوکر 13 جولائی کو اختتام کو پہنچے گا۔ ہندوستانی شائقین میں ورلڈ کپ کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے کئی عوامی مقامات پر بھی میاچس کے مشاہدے کی سہولت رہے گی، لیکن ہندوستانی وقت کی مناسبت سے بعض میاچس جو رات کے اوقات میں کھیلے جائیں گے، ان کا مشاہدہ عوام کے لئے مشکل ہوگا۔