دبئی ۔ 17 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متوازن ہندوستانی ٹیم ایشیا کپ میں کل اپنا افتتاحی مقابلہ گروپ کی کمزور ٹیم ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی جو دراصل چہارشنبہ کو کٹر حریف پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ کی مشق ہوگی تاکہ اصل مقابلہ سے قبل ٹیم اپنے ردہم میں آجائے۔ مستقل کپتان ویراٹ کوہلی کی عدم موجودگی میں بھی ہندوستانی ٹیم متوازن ہے جس کی قیادت روہت شرما کررہے ہیں جنہیں محدود اوور کی کرکٹ میں قیادت کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ روہت شرما کے علاوہ ان کے ساتھی کھلاڑی ہانگ کانگ کو آسان حریف تصور نہیں کریں گے بلکہ اس ٹیم کے خلاف ملنے والے موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اگلے دن پاکستان کے خلاف مقابلہ کیلئے تیار ہوں گے۔ دبئی میں اس وقت گرمی عروج پر ہے جیسا کہ یہاں درجہ حرارت 43 ڈگری سلسیس ہے اور اس گرمی میں ہندوستانی ٹیم کو اپنے آپ کو ڈھالنا ہے جیسا کہ اس کے بیشتر کھلاڑی انگلینڈ کے ٹھنڈے موسم سے اور ٹسٹ کرکٹ سے یہاں پہنچے ہیں۔ ہندوستانی ٹیم میں اننگز کا آغاز روہت شرما اور شکھردھون کریں گے اور امید ہیکہ کوہلی کے نمبر 3 پر لوکیش راہول کو موقع دیا جائے گا جس کے بعد کیدر جئے دیو بھی بیٹنگ شعبہ میں اہم ذمہ داری نبھا سکتے ہیں جبکہ بولنگ شعبہ میں جسپریت بمرا، بھونیشور کمار کے ہمراہ اسپنرس کی جوڑی کلدیپ یادو اور یوسویندر چہل وجود ہیں۔ گذشتہ کئی برسوں سے وکٹ کیپر بیٹسمین مہیندر سنگھ دھونی کی میچ جتوانے کی صلاحیت سے ہندوستان نے فائدہ اٹھایا ہے لیکن حالیہ دنوں میں ان کی بیٹنگ میں تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ اگر دھونی ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں تو پھر پاکستان کے حلاف انہیں آخری اوورس میں محمد عامر، حسن علی اور عثمان خان جیسے فاسٹ بولروں کا سامنا رہے گا۔ اس کے برعکس یہ نمبر 4 پر بیٹنگ کرواتے ہوئے ساتویں نمبر پر ہاردک پانڈیا اور ان سے اوپر منیش پانڈے کی برق رفتار بیٹنگ سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔