بھونیشور۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گھریلو میدان پر عالمی چمپئن بننے کا خواب دیکھ رہی ہندوستان کی ہاکی ٹیم جمعرات کو کوارٹر فائنل میں چوتھے نمبر کی ٹیم ہالینڈ کو شکست دے کر یہاں ایف آئی ایچ مرد ہاکی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے مقصد کے ساتھ اترے گی۔ ہالینڈ نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت کنیڈا کے خلاف کراس اوور میچ میں 5-0 کی یکطرفہ کامیابی کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ۔ وہیں ہندوستانی ٹیم اپنے پول سی میں سرفہرست رہنے کی وجہ سے براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے ۔ ہندوستان43 سال کے طویل عرصے بعد خطاب جیتنے کی امیدوں کے ساتھ اب ہالینڈ کے سخت چیلنج کو توڑنے کی کوشش کرے گا۔کوچ ہریندر سنگھ کی رہنمائی میں میزبان ہندوستان کی ہاکی ٹیم کی کارکردگی شاندار رہی ہے اور اس نے اپنے پول سی میچ کے تین میچوں میں دو جیتے ہیں اور ایک ڈرا کھیلا ہے ۔من پریت سنگھ کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم میں تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کے بہترین تال میل سے ہندوستان ابھی تک ناقابل تسخیر ہے اور اسے ہالینڈ کے خلاف بھی اپنے جارحانہ انداز میں کھیلنا ہوگا۔ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو ہندوستانی ٹیم نے اب تک پول میچوں میں 12 گول اسکورکئے ہیں جبکہ اس کے خلاف حریف ٹیمیں صرف تین ہی گول کر سکی ہیں۔ وہیں پول ڈی کی ٹیم ہالینڈ نے اپنے تین میچوں میں دو جیتے ہیں اور ایک میں اسے شکست ہوئی ہے ۔
دنیا کی چوتھے نمبر کی ٹیم نے اب تک میچوں میں 13 گول کئے ہیں جبکہ اس کے خلاف بھی پانچ گول کئے گئے ہیں۔ ہالینڈ نے پاکستان کو 5-1 سے شکست دی تھی جبکہ گزشتہ میچ میں کینیڈا کو 5-0 سے ہرایا۔ وہیں ہندوستانی ٹیم ٹورنمنٹ میں اب تک جنوبی افریقہ کے خلاف 5-0 سے کامیابی درج کر چکی ہے جبکہ مضبوط ٹیم بلجئیم کو اس نے 2-2 پر روکا تھا۔ اس کے بعد پول سی کے آخری میچ میں ہندوستان نے کینیڈا کے خلاف 5-1 سے جیت درج کی تھی اور پول میں سرفہرست رہی۔ میزبان ہندوستان نے بھلے ہی اب تک حیرت انگیز کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن ہالینڈ کے خلاف کوارٹر فائنل مقابلے میں اسے اپنی صد فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اگر گزشتہ ریکارڈ کو دیکھیں تو سال 2013 سے اب تک انہوں نے ایک دوسرے کے خلاف جملہ نو میچ کھیلے ہیں جس میں ایک میچ ڈرا رہا ہے جبکہ 4-4 میچ دونوں کے درمیان ڈرا رہے ہیں۔ ان میچوں میں گول اوسط دیکھیں تو ہالینڈ نے 22 گول جبکہ ہندوستان نے18 گول کئے ہیں۔ ورلڈکپ میں اگرچہ ہندوستان کا ریکارڈ ہالینڈ کے خلاف مایوس کن رہا ہے اور اس نے چھ میچوں میں ایک بھی نہیں جیتا ہے ۔ بہترین تال میں کھیل رہی ہندوستانی ٹیم اس مرتبہ سیمی فائنلز میں جگہ بنانے کی ہرممکن کوشش کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم کو ہالینڈ کے خلاف میچ میں للت اپادھیائے ، اٹیکنگ کے ماہر کپتان من پریت، سمرنجیت سنگھ اور ھرمنپریت سنگھ سے کافی امیدیں ہوں گی۔ للت نے اب تک تین میچوں میں تین میدانی گول جبکہ سمرنجیت نے دو گول اور ایک گول پنالٹی کارنر پر کیا ۔ ہندوستانی ٹیم کیلئے پنالٹی کارنر حاصل کرنا اور اس کا فائدہ اٹھانا اب بھی بڑا مسئلہ ہے جس سے اسے نجات حاصل کرنی ہوگی۔ دوسری طرف ہالینڈ کی ٹیم کو اپنے کھلاڑی سینڈر ڈی ون کے باہر ہونے سے جھٹکا لگا ہے جو زخمی ہونے کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف نہیں کھیل پائیں گے ۔ ان کی جگہ جویپ ڈی مول میچ میں اتریں گے ۔ ہالینڈ کے کامیاب اسکور میں جیرون ھٹجبرگر اور تھیري برکمین ہیں ۔