نئی دہلی۔19 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) کبڈی ورلڈ کپ 014کا فاتح کون ہوگا‘اس کافیصلہ ہفتے کوہوگا جب ہندوستان اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ کھیلا جائیگا۔ قبل ازیں پاکستان نے ایران کوشکست دے کرکے فیصلہ کن مرحلے کیلئے کوالیفائی کیا۔دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے انگلینڈ کیخلاف کامیابی حاصل کی۔ہندوستان میں رواں میگا ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ ایران سے تھا۔ پاکستانی پہلوانوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سخت حریف تصور کئے جانے والے ایران کے کھلاڑیوں کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہ دیا
اور ایران کو 28 – 56 نشانات سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ہندوستان نے انگلینڈ کو 33 ۔ 54نشانات سے شکست دے کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ہندوستان کی ٹیم بھی اب تک ناقابل شکست ہے۔پاکستان اور ہندوستان کی ٹیموں کا شمار دنیائے کبڈی کی خطرناک اور مضبوط ٹیموں میں ہوتا ہے اور ماہرین نے دونوں ٹیموں کی حالیہ فارم اور کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں اعصاب شکن مقابلے کی توقع کی ہے۔ دوسری جانب ویمنز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے ڈنمارک کو 41-20 نشانات سے شکست دی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں ہندوستان نے پاکستان کو 47-19 نشانات سے شکست دی ہے۔