ہندوستان کا آج چمپینزٹرافی میں عمان سے مقابلہ

مسقط۔ 17اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کل یہاں پانچویں ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹورنمنٹ میں میزبان عمان کے خلاف افتتاحی میچ میں اترے گی جہاں اس کا مقصد کامیاب شروعات کے ساتھ فارم کو برقرار رکھنا ہوگا۔ہندوستان اور عمان جمعرات کو یہاں سلطان قابوس اسپورٹس کامپلیکس میں ٹورنمنٹ کے پہلے مقابلے کیلئے اتریں گے ۔ دنیا کی پانچویں نمبرکی ٹیم ہندوستان ٹورنمنٹ میں نمبر ایک ٹیم ہے اور جکارتہ میں ایشیائی کھیلوں میں برونز میڈل کے مایوس کن تجربے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرے گی۔سال2014 میں ایشیائی کھیلوں میں آخری مرتبہ ہندوستان اور عمان کے مابین مقابلہ ہوا تھا جس میں ہندوستانی ٹیم 7-0 سے فاتح رہی تھی۔ ٹیم کے چیف کوچ ہریندر سنگھ نے تسلیم کیا ہے کہ ہندوستان کے لئے راونڈ رابن پول کے میچ اہم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چیمپئن ٹرافی کے لئے پرجوش ہیں اور خوش ہیں کہ اپنی مہم میزبان ٹیم کے خلاف شروع کررہے ہیں۔کوچ نے کہا، ہندوستان کے لیے افتتاحی مقابلہ بہترین امتحان ہو گا جو آئندہ کے میچوں کے لئے مددگار ثابت ہو گا جس میں ملائیشیا، پاکستان، جاپان اور جنوبی کوریا جیسی اہم ٹیموں کا چیلنج ہوگا۔ہندوستان ٹورنمنٹ میں بطور دفاعی چمپئن اترے گا۔ اس نے 2016 کے ایڈیشن میں پاکستان کو 3-2 سے شکست دی تھی لیکن کوچ ہریندر کا خیال ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو دوبارہ خطاب کے لئے اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا ہوگا ۔ہمیں پتہ ہے کہ ہماری ٹیم بہت اچھی ہے اور کسی بھی ٹیم کو شکست دے سکتی ہے ۔