میرپور ۔17 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے کل بنگلہ دیش کے خلاف شروع ہونے والی تین مقابلوں کی ونڈے سیریز ایک تازہ ترین شروعات ہے جیسا کہ دونوں ٹیموں کا آخری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں سامنا ہوا تھا جس کے بعد ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد آئی پی ایل میں مصروف رہی ، دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم نے ورلڈ کپ میں شاندار مظاہرہ کرنے کے بعد پاکستان کے خلاف منعقدہ ونڈے سیریز میں مہمان ٹیم کا مکمل صفایہ کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم کے خیمہ میں کپتان مہندر سنگھ دھونی کے ہمراہ ونڈے کے ماہر چھ کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے اور وہ کوارٹر فائنل میں حاصل ہونے والی کامیابی کے سلسلے کو ونڈے سیریز میں بھی برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ میزبان ٹیم کیلئے یہ سیریز ورلڈ کپ میں ہندوستان کے خلاف ہوئی متنازعہ شکست کا حساب برابر کرنے کیلئے سنہری موقع ہے
اور ساتھ ہی وہ اس سیریز میں کامیابی کے ذریعہ 2017 ء چمپینس ٹرافی میں اپنی رسائی کے امکانات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ ہندوستانی ٹیم نے بھی بنگلہ دیش کے خلاف کھیلی جانے والی اس سیریز کو کافی اہمیت دی ہے جس کا اندازہ اس حقیقت سے لگایا جاسکتا ہے کہ میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے واحد ٹسٹ میں طاقتور اور مستقل کھلاڑیوں کو میدان میں اُتارا گیا تھا اور اب ونڈے سیریز کیلئے بھی ہندوستانی ٹیم میں مستقل کھلاڑی شامل ہیں۔ ونڈے ٹیم میں کپتان دھونی کے ہمراہ ویراٹ کوہلی ، شکھر دھون ، روہت شرما ، روی چندرن اشون ، رویندر جڈیجہ اور بھونیشور کمار آج نٹ میں کافی محنت کرتے دیکھے گئے تاکہ کل شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے مقابلے میں جامع کامیابی حاصل کی جاسکے ۔ اس سیریز کے متعلق اظہارخیال کرتے ہوئے سریش رائنا نے کہا ہے کہ یقینا یہ سیریز ہمارے لئے اہمیت کی حامل ہے ، یہی وجہ ہے کہ آئی پی ایل کے بعد ونڈے سیریز کیلئے ٹیم میں مستقل اور اہم کھلاڑی موجود ہیں ۔ اُترپردیش سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین مڈل آرڈر میں کپتان دھونی اور کوہلی کے ساتھ اہم کھلاڑی ہیں ۔ علاوہ ازیں اننگز کے آغاز کیلئے شکھر دھون اور روہت شرما پہلی پسند ہیں جبکہ اجنکیا رہانے ٹاپ آرڈر کا اہم نام ہے ۔ بولنگ شعبہ میں رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون اسپنرس ہوں گے جبکہ فاسٹ بولنگ میں بھونیشور کمار ، اُمیش یادو اور موہت شرما کی موجودگی یقینی دکھائی دے رہی ہے ۔
ٹیم انتظامیہ آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی یا دھول کلکرنی کو کم از کم ایک مقابلے میں آزما سکتا ہے ۔ ہندوستانی ٹیم اس سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کرنے کے باوجود نمبر ایک مقام حاصل نہیں کرسکتی لیکن نمبر ایک مقام پر موجود آسٹریلیا سے خود کے فرق کو 10 نشانات تک کم کرسکتی ہے ۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی ٹیم سیریز میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے چمپینس ٹرافی کیلئے اپنے موقف کو مستحکم کرسکتی ہے ۔ بنگلہ دیشی ٹیم جس نے زمبابوے اور پاکستان کا مکمل صفایا کرنے کے بعد 50 اوورس کی کرکٹ میں ایک مستحکم ٹیم بن کر اُبھری ہے ۔ فاسٹ بولر تسکین احمد جنھوں نے اپنے ونڈے کیرئیر کا شاندار آغاز کرتے ہوئے ہندوستان کے خلاف 28 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کئے تھے اور ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں بھی انھوں نے 69 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا ۔ اوپنر تمیم اقبال ، مشفیق الرحیم اور شکیب الحسن میزبان ٹیم کے اہم کھلاڑی ہوں گے ۔