کولمبو۔ 05 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )سری لنکا کے خلاف تین مقابلوں کی ٹسٹ سیریز سے قبل ہندوستانی ٹیم کل دورۂ سری لنکا پر کھیلے جانے والے واحد وارم اپ مقابلے میں شرکت کرے گی لیکن وہ یہ اُمید کررہی ہے کہ یہ مقابلہ بارش کی نذر نہ ہوجائے ۔کیونکہ کل آر پریماد اسا اسٹیڈیم میں سری لنکا بورڈ پریسیڈنٹ الیون کے خلاف شروع ہونے والے مقابلے سے قبل ہی بارش کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کو نیشنل کرکٹ کلب کے انڈور اسٹیڈیم میں منتقل کردیا گیا تھا ۔ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم اپنے پہلے مکمل دورہ پر سری لنکا پہونچ چکی ہے ۔ اس سے پہلے بنگلہ دیش کے دورہ پر کھیلے گئے واحد ٹسٹ میں بھی بارش کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ وارم اپ مقابلے میں مرلی وجئے اور شکھر دھون کی جوڑی کے علاوہ سینئر اسپنرس ہربھجن سنگھ اور امیت مشرا کی جوڑی کے مظاہروں پر بھی نظریں مرکوز ہے ۔ نوجوان کپتان ویراٹ کوہلی بھی ٹسٹ سیریز کے آغاز سے قبل اس وارم اپ مقابلے میں اپنے فام کو حاصل کرنے کے کوشاں ہیں ۔ کوہلی نے ٹسٹ سیریز کیلئے پانچ بولروں کی حکمت عملی کا اعلان کیا ہے اور یہ وارم اپ مقابلہ اس حکمت عملی کیلئے ایک بہتر موقع تصور کیا جارہا ہے ۔