ہندوستان کا آج سیمی فائنل میں جاپان سے مقابلہ

مسقط۔26 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم پانچویں ایشین چمپئنز ٹرافی میں اپنے خطابدفاع سے اب دو قدم کے فاصلے پر ہے اور اس کی فائنل کی راہ میں ایشیائی کھیلوں کی گولڈمیڈل فاتح جاپان کا چیلنج ہے جس سے وہ ہفتہ کو سیمی فائنل مقابلے میں نبرد آزما ہو گي ۔ہندوستانی ہاکی ٹیم نے اس ٹورنمنٹ میں ناقابل تسخیر رہتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے ۔ ہندستان نے چھ ٹیموں کے اس ٹورنمنٹ میں پانچ میچوں میں چار جیتے اور ایک ڈرا کھیلا۔ ہندستان نے لیگ میچ میں جاپان کو9-0 سے شکست دی تھی۔ دنیا کی پانچویں نمبرکی ٹیم ہندستان نے جکارتہ ایشیائی کھیلوں میں جاپان کو گروپ میچ میں8-0 سے شکست دی تھی لیکن جاپانی ٹیم نے فائنل میں ملائیشیا کو شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔ ٹورنمنٹ کا دوسرا سیمی فائنل پاکستان اور ایشیائی کھیلوں کے رنر اپ ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے آخری لیگ میچ میں کل ملائیشیا کو 1-0 سے شکست دی تھی جبکہ جاپان نے میزبان عمان کو5-0 سے شکست دی تھی۔