اشگابت ، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) تین متواتر ناکامیوں کے بعد ہندوستان کیلئے ترکمینستان کے خلاف کٹھن آزمائش رہے گی جب دونوں ٹیمیں جمعرات کو یہاں اشگابت اسٹیڈیم میں 2018ء ورلڈ کپ کوالیفکیشن میچ میں مدمقابل آئیں گی۔ ہندوستان نے عمان اور گوام کے مقابل شکست کھائی اور حال میں ایران کے خلاف ناکامی کے ساتھ گروپ D کی نچلی پوزیشن پر آگیا ہے۔ ترکمینستان نے بھی عمان اور گوام کے خلاف ناکامی اٹھائی لیکن ایران کے ساتھ اُن کا مقابلہ ڈرا رہا اور وہ ہندوستان سے کچھ بہتر موقف میں ہیں۔ فیفا درجہ بندی میں 155 ویں رینک پر موجود ترکمینستان نے 167 ویں رینک کے حامل ہندوستان سے اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جبکہ دونوں نے دو، دو مقابلے جیتے اور ایک میچ ڈرا ہوا ہے۔ جمعرات کے میچ سے قبل انڈین کیمپ سے مثبت تاثرات کے اظہار کے باوجود یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا اسٹیفن کانسٹنٹائن کے لڑکے سنیل چھیتری کی قیادت میں ایسی ٹیم کو ہراتے ہیں یا نہیں جو اُن کی درجہ بندی سے قریب تر ہے۔