ہندوستان کا آج ارجنٹینا سے مقابلہ

آئیپو ۔ 2 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ہاکی ٹیم 27 ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنمنٹ میں اپنی مہم کا آغاز کل عالمی درجہ بندی میں دوسرے مقام پر فائز ارجنٹینا کے خلاف کرے گی ۔ سردار سنگھ کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم نے گزشتہ روز عالمی نمبر ایک آسٹریلیا کے خلاف وارم اپ مقابلے میں کافی بہتر مظاہرہ کیا ، لیکن اسے 1-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی جوکہ ہندوستانی ٹیم کیلئے کسی قدر حوصلہ افزاء مظاہرے ہی ہیں ۔ اس مقابلے میں ہندوستان کیلئے واحد گول نائب کپتان رمن دیپ سنگھ نے کیا تھا جس پر کوچ جوریٹ مریجنی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان کا آخری مرتبہ ارجنٹینا سے مقابلہ ورلڈ لیگ فائنل میں ہوا تھا جہاں اسے 0-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی ۔ ہندوستانی کوچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں پہلے ہی یہ کہہ چکا ہوں کہ ماضی کا ریکارڈ دوسری بحث ہے جبکہ یہاں کے حالات ٹیم کیلئے آسان نہیں ہوتے اور جب حریف ارجنٹینا ہو تو چیلنجس مزید سخت ہوں گے ۔