ویلنگ ٹن۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی جانب سے 2018-19ء میں ایشیائی ٹیم کی میزبانی کا اعلان کردیا گیا ہے اور تفصیلات کے بموجب نیوزی لینڈ پہلے سری لنکا پھر ہندوستان اور اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کی رواں برس ڈسمبر سے آئندہ برس مارچ تک میزبانی کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم آئندہ برس دورۂ نیوزی لینڈ کا آغاز کرے گی جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف محدود اوورس کی دو مختلف سیریز کھیلے گی۔ ہندوستانی ٹیم اس دورہ پر نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ونڈے اور 3 ٹوئنٹی 20 مقابلے کھیلے گی۔ ونڈے سیریز کا آغاز 23 جنوری کو نیپر میں ہوگا ۔ 26 جنوری کو دوسرا ، 28 جنوری کو تیسرا ، 31 جنوری کو چوتھا ، 3 فروری کو پانچواں ونڈے کھیلا جائے گا۔ ونڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 6 فروری کو ویلنگ ٹن میں منعقد ہوگا جس کے بعد آکلینڈ 8 فروری کو دوسرے اور ہیملٹن 10 فروری کو تیسرے اور آخری ٹوئنٹی مقابلے کی میزبانی کرے گا۔ نیوزی لینڈ کا موسم گرما کرکٹ سیزن سری لنکا کے خلاف 15 ڈسمبر کو پہلے ٹسٹ سے شروع ہوگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹسٹ 26 جنوری کو شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ونڈے اور واحد ٹوئنٹی 20 مقابلہ بھی کھیلا جائے گا۔