ہندوستان چیمپئنز ٹرافی 2017کے اخراجات پر ناراض

نئی دہلی۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) چیمپئنز ٹرافی 2017 کیلئے آئی سی سی کی جانب سے بھاری اخراجات پر بی سی آئی حکام ناراض ہیں جنہوں نے 19روزہ ٹورنمنٹ میں 15میچوں کی میزبانی کیلئے 135 ملین ڈالرز خرچ کئے جانے کے منصوبہ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ آئندہ برس یکم تا 18جون تک جاری رہنے والے ایونٹ کیلئے جو بجٹ مختص کیا گیا ہے وہ ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ ٹورنمنٹ سے تین گنا زائد ہے جس کیلئے ہندوستان کو انتظامی اخراجات کی مد میں 45 ملین ڈالرز فراہم کئے گئے تھے حالانکہ اس وقت ستائیس روزہ ٹورنمنٹ میں 58 میچوں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کے زیراہتمام کسی بھی ٹورنمنٹ کے حوالے سے میزبان ملک کیلئے ایک بجٹ مختص کیا جاتا ہے اور میزبان ملک میں قائم مقامی آرگنائزنگ کمیٹی ایونٹ کے انعقاد اور اخراجات کی ذمہ دار ہوتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے لندن میں ایک دفتر کی تعمیر بھی کرے گی جو ایونٹ کے اختتام پر ای سی بی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مئی اور جون میں ایڈنبرا میں منعقدہ اجلاس میں گورننگ باڈی نے بجٹ کا ڈرافٹ جائزے کیلئے رکن ممالک کو فراہم کیا تھا۔
سری لنکا 195 رنز پر ڈھیر
پالی کیلے۔4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکائی ٹیم ، آسٹریلیا کے خلاف یہاں کھیلے گئے پانچویں اور آخری ونڈے میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40.2 اوورس میں 195 رنز پر ڈھیر ہوگئی حالانکہ اوپنرس نے اسے 14 اوورس میں 73 رنز کا آغاز فراہم کیا تھا۔ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر میچل اسٹارک پھر ایک مرتبہ اسٹار کھلاڑی ثابت ہوئے جنہوں نے 9 اوورس میں 40 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔