کراچی۔17 اگسٹ(سیاست ڈاٹ کام)ایشیا کپ کرکٹ ٹورنمنٹ سے قبل پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ہندوستان کے ضمن میں بیان دیا ہے اورکہا ہے وہ ایونٹ کے دوران روایتی حریف ہندوستان کیخلاف یو اے ای میں کھیلنے کا تجربہ آزمائیں گے ۔ویراٹ کوہلی کی ٹیم تجربے کے لحاظ سے تھوڑی سی برتر ہے لیکن پاکستان کومتحدہ عرب امارات کی وکٹوں کا بہتر اندازہ ہے ۔موسم اور وکٹوں کے اعتبار سے دیکھا جائے تو پاکستانی ٹیم کو ہندوستان پر نفسیاتی برتری حاصل ہو گی اور ان کی ایونٹ سے قبل کی گئی تیاریاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ہم ایشیا کپ جیتیں گے۔ہماری توجہ کا مرکز فی الوقت جسمانی فٹنس ہے جس کیلئے تین ستمبر سے کیمپ لگایا جائے گا،تیاریاں بہترین انداز سے جاری ہیں جس کا اندازہ انگلینڈ میں پاکستان کی کارکردگی سے لگا سکتے ہیں۔31سالہ پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اس میںکوئی شک نہیں کہ ہندوستانی ٹیم تجربے کے اعتبار سے پاکستانی ٹیم پر تھوڑی سی برتری رکھتی ہے لیکن پاکستانی ٹیم یو اے ای کی وکٹوں میں کھیلنے کا زیادہ تجربہ رکھتی ہے اور انہیں ہندوستان کیخلاف میچ کے دوران یہی برتری حاصل ہوگی جسے ایشیا کپ میں استعمال کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مقابلہ 19ستمبر کو مقرر ہے اور دونوں ٹیموں نے اس کیلئے بھرپور تیاری کو ذہن میں رکھا ہوا ہے لیکن پاکستانی ٹیم کو یہ فائدہ حاصل ہے کہ وہ براہ راست یو اے ای پہنچ کر اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جبکہ ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کیخلاف سیریز کے بعد وہاں پہنچ کر خود کو ماحول سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔