دبئی ۔ 5 نومبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کو اس علاقہ کے ایک سرکردہ تجارتی اور سرمایہ کاری مرکز کے طورپر فروغ دینے کے علاوہ شارجہ کے ساتھ ہندوستان کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے یہاں منعقدہ تجارتی کانفرنس میں 100 سے زائد ہندوستانی سرمایہ کاروں نے حصہ لیا۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شارجہ ۔ ہندوستان بزنس راؤنڈ ٹیبل اجلاس یہاں جاری ہے ۔ ہند۔ متحدہ عرب امارات ساجھیداری چوٹی کانفرنس کے موقع پر منعقد ہوا جو دراصل امارات کی ہمہ جہتی معیشت میں ہندوستان کی مسلسل غیرمعمولی دلچسپی کا ایک حصہ ہے ۔ اس کانفرنس میں ٹکنالوجی ، مصنوعی انٹلیجنس ( اے آئی ) قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات کا پتہ چلانا تاکہ آنیوالے برسوں کے دوران شارجہ میں بزنس کو وسعت دی جاسکے ۔ شارجہ کو سمندر پار ہندوستانی سرمایہ کاری کا ایک کلیدی مرکز سمجھا جاتا ہے جو بنیادی طورپر غیرپٹرولیم شعبوں میں ہندوستان کا ایک اہم خلیجی حلیف بھی ہے جہاں 137 امریکی ڈالر مالیتی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ ہندوستان اور شارجہ نے شرح نمو میں بہتر اضافہ کامظاہرہ کیا ہے۔ ہندوستانی معیشت میں رواں سال 7.5 فیصد ترقی متوقع ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی معیشت میں اس دوران 3.9 فیصد کا اضافہ درج کیاگیا ہے۔ شارجہ انوسٹمنٹ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( شروفی) کے ایکزیکٹیو چیرمین مروان بن جسیم السرکل نے کہا ہے شارجہ اور ہندوستان کے مابین کئی صدیوں سے تجارتی و سرمایہ کاری کا سلسلہ جاری ہے ۔