ہندوستان ونڈے کی سرفہرست ٹیم ‘کوہلی دوسرے مقام پر

دبئی۔20نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم ریلائنس کی تازہ ترین ونڈے درجہ بندی میں بدستور پہلے مقام پر فائز ہے جب کہ سری لنکا کے خلاف ٹیم کی کامیاب قیادت کرنے والے ویراٹ کوہلی ونڈے کے بیٹسمینوں کی درجہ بندی میںدوسرے مقام پر فائز ہیں ۔ علاوہ ازیں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی اپنا ساتواں مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ گذشتہ روز کینبرا میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان منعقدہ تیسرے ونڈے میں جنوبی افریقہ کی 73رنز کی شکست نے آسٹریلیا کو دوسرے مقام کو مستحکم کرنے کا موقع فراہم کیا ہے ۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان اب آئی سی سی کی بہترین ونڈے ٹیم کیلئے صرف دو نشانات کا فرق ہے ‘ جیسا کہ 2011ء ورلڈ کپ کی چمپئن ٹیم ہندوستان کو مجموعی طور پر 117نشانات حاصل ہوئے ہے ۔

آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ کے درمیان کھیلی جارہی پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز میں آخری دو مقابلوں میں اگر آسٹریلیائی ٹیم فتوحات حاصل کرتی ہے تو وہ بھی 117نشانات حاصل کرلے گی اور اس طرح وہ قریبی فرق جو کہ درجہ بندی کے نشانات کا ہوگا اس کے ذریعہ وہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرلے گی ۔ دوسری جانب اگر جنوبی افریقی ٹیم کل کھیلے جانے والے مقابلے میں اور پھر اتوار کو منعقد شدنی پانچویں ونڈے میں آسٹریلیا کو شکست دیتی ہے تو پھر وہ دوسرا مقام برقرار رکھنے میں کامیاب رہے گی۔ ونڈے کے بیٹسمینوں کی درجہ بندی میں ویراٹ کوہلی 862نشانات کے ذریعہ دوسرے مقام پر فائز ہیں جب کہ جنوبی افریقہ ٹیم کے کپتان اے بی ڈی ویلئرس 888نشانات کے ذریعہ پہلے مقام پر موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں گذشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف سنچری اسکور کرنے والے ہاشم آملہ 845نشانات کے ذریعہ تیسرے مقام پر موجود ہیں ۔

ہاشم آملہ کو دوبارہ دوسرا مقام حاصل کرنے کا موقع دستیاب ہے جیسا کہ وہ آئندہ تین دنوں میں آسٹریلیا کے خلاف دو مقابلوں میں شرکت کریں گے ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی 738 نشانات کے ذریعہ ساتویں مقام پر موجود ہیں ۔ بولنگ شعبہ میں ہیندوستان کے بولر بھونیشور کمار سرفہرست 10بولروں میں موجود ہندوستانی کھلاڑی ہیں جیسا کہ وہ 641نشانات کے ذریعہ 8ویں مقام پرفائز ہیں ۔

آئی سی سی کی جانب سے پابندی عائد کئے جانے کے باوجود پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل بدستور پہلے مقام پر موجود ہیں ۔ حُسن اتفاق یہ بھی ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے معطل شدہ ایک اور اسپنر ویسٹ انڈیز سنیل نارائن دوسرے مقام موجود ہیں ۔ جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین تیسرے مقام پر فائز ہیں ۔ دنیائے کرکٹ کے بہترین آل راؤنڈرس کے ابتدائی تین مقامات پر کوئی ہندوستانی موجود نہیں ہیں ۔ دریں اثناء بنگلہ دیش اور زمبابوے کیلئے یہ موقع دستیاب ہے کہ وہ پانچ مقابلوں کی ونڈے سیریز جس کا کل آغاز ہورہا ہے اس میں بہتر مظاہروں کے ذریعہ اپنے مقامات کو بہتر بنائیں ۔ بنگلہ دیش 9ویں مقام پر موجود ہے اور وہ 11نشانات کے فرق سے ایلٹن چکمبورا کی ٹیم پر سبقت حاصل کئے ہوئے ہے ۔