دبئی۔29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے کہا ہے کہ ورلڈکپ 2019 میں ہندوستان اور انگلینڈ خطاب کیلئے پسندیدہ ہونگے ، تاہم انہوں نے دیگر ٹیموں کو پاکستان کے حوالے سے بھی خبردار کردیا۔سابق کرکٹر نے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم کچھ مسائل کا شکار ضرور ہے لیکن وہ اپنے دن کسی بھی ٹیم کو کہیں بھی شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم کے پاس اچھے فاسٹ بولرز ہیں، شاداب اور حفیظ کی بولنگ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا جبکہ کپتان سرفراز کو آگے بڑھ کر خود مظاہرہ کرنا چاہئے ، وہ اسپن کے خلاف بہت اچھا کھیلتے ہیں۔ہندوستان کے متعلق انہوں نے کہا کہ جس طرح کوہلی کی ٹیم آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں فتوحات حاصل کی ہیں اگر وہی مظاہرے ورلڈ کپ میں جاری رہے تو ہندوستان خطاب باآسانی جیت لے گا۔