ہندوستان ورلڈ کپ فائنل میں داخل

 

کرائسٹ چرچ ۔30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ا نڈر19 ٹیم نے شبمن گل کی شاندار سنچری کے بعد بولروں کی ناقابل فراموش بولنگ کی بدولت پاکستان کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے سیمی فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد 203 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں افغانستان کو شکست دی ہے۔ہندوستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور تمام بیٹسمینوں نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ شبمن گل نے 94 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور 272 رنز تک پہنچایا۔ہندوستان کی جانب سے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں کپتان پرتھیوی شا نے41، منجوت کلرا نے 47 اور انوکل رائے نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے 67 رنز دے کر 4 اور ارشد اقبال نے 51 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ٹورنمنٹ میں پاکستان کے کامیاب ترین بولر شاہین آفریدی کو ہندوستانی بیٹسمینوں نے سیمی فائنل میں ناکام بناتے ہوئے انکے خلاف 62 رنز بنائے اور انہیں صرف ایک ہی وکٹ حاصل ہوئی۔فائنل میں رسائی کیلئے 273 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور تین کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دہرے ہندسے کو عبور نہیں کرسکا۔وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے سب سے زیادہ 18 رنز اسکور کیے جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں سعد خان نے 15 اور محمد موسیٰ نے 11 رنز اسکور کیے۔پاکستان کی پوری ٹیم صرف 69 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور ہندوستان 203 رنز کی فتح کے ساتھ چھٹی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ہندوستان کی جانب سے اشان پوریل نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 17 رنز دے کر 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شوا سنگھ اور ریان پراگ نے فی کس دو اور ابھشیک شرما اور انوکل رائے نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور ہندوستانی ٹیمیں دونوں ہی تین مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا تاج اپنے سر پر سجا چکی ہیں۔دوسری جانب انڈر 19 ورلڈ کپ 2018 میں پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں افغانستان کے خلاف 5 وکٹوں کی حیران کن شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اسطرح پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کا آغاز شکست سے کیا اور مہم کا اختتام بھی ناکامی پر ہوا ہے۔دریں اثناء بی سی سی آئی نے آئی سی سی انڈر19 ورلڈ کپ فائنل میں داخلہ حاصل کرنے والی نوجوان ہندوستانی ٹیم کو نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ بی سی سی آئی کے قائم مقام چیئرمین سی کے کھنہ نے ٹیم کی سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کامیابی کے بعد کہا کہ بورڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ان کی آئی سی سی ٹورنمنٹ میں غیر معمولی کارکردگی کے لئے انعام حاصل دے گی۔