ہندوستان ورلڈکپ کے لئے سب سے آگے : اکرم

کراچی ۔2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم ایشیاء کپ میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی بہتر واپسی کیلئے پرامید ہیں۔ اس خصوص میں انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ ابھی آٹھ ماہ دور ہے اور کوئی پیش قیاسی کرنا آسان نہیں لیکن پھر بھی وہ میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے اچھی کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ایشیاء کپ میں پوری پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی جو پسندیدہ ٹیم کا موقف کے ساتھ سوپر فور مرحلے سے باہر ہو گئی۔ بنگلہ دیش کے پاس مشرف مرتضیٰ کی شکل میں اچھا کپتان ہے جبکہ افغانستان بھی خطرناک ٹیم کے طور پر ابھر رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم پر ناقدین کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی اور وسیم اکرم بھی اس کی کارکردگی پر مایوس نظرآئے لیکن اس کے باوجود انہوں نے کہا کہ وہ ورلڈ کپ میں کرکٹرز کی جانب سے قدرے مختلف اور مثبت کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔ ہندوستان کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ وہ دیگر ٹیموں سے آگے ہے اور آئی پی ایل کی وجہ سے وہاں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز سامنے آئے ہیں۔ وسیم اکرم نے مزید کہا کہ ہندوستان نے جو اپنی کرکٹ میں جو سرمایہ کاری کی آئی پی ایل کی صورت میں اب اس کے مثبت ثمرات سامنے آ رہے ہیں۔