نئی دہلی۔12اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ہاکی ٹیم نے دورہ یورپ کا کامیاب آغاز کرتے ہوئے ڈنمارک کی کلب ہاکی ٹیم لیڈن ہاکی کلب کو 7-0سے شکست دی ۔ نیدر لینڈس میں کھیلے گئے مقابلے میں قومی کھلاڑیوں نے شاندار مظاہرہ کیا ۔ ہندوستانی ہالی ٹیم کا یہ دورہ یورپ دراصل 31مئی تا 15جون یہاں منعقدشدنی ایف آئی ایچ مینس ورلڈ کپ کی تیاری کا ایک حصہ ہے ۔ مذکورہ مقابلہ بہتر انداز میں شروع ہوا جہاں دونوں ہی ٹیموں نے ایک دوسرے کے حملوں کا کامیاب دفاع کیا ۔ مقابلے کے آغاز کے 18منٹوں تک کسی بھی ٹیم نے کوئی گول نہیں کیا جس کے بعد ہندوستان کیلئے پہلے گول اکشدیپ سنگھ نے کیا ۔ پہلے گول کے فوراً بعد 21ویں منٹ میں نکن تھمیا نے ٹیم کے لئے دوسرا گول کیا اور اسکے بعد ہندوستانی کھلاڑی مسلسل جارحانہ کھیل پیش کیا ۔
پہلے نصف مرحلے کے بعد ہندوستانی ٹیم 2-0کی سبقت بنالی تھی اور حریف ٹیم نے اس موقع پر مقابلے میں واپسی کی بہترین جدوجہد کی ۔ دوسرے نصف مرحلے میں روپیندر پال نے متواتر دو منٹوں میں دو گول بنائے ۔ پنالٹی کارنرس کے ذریعہ ملنے والے دو مواقع کو انہون نے 38 اور 39ویں منٹ میں گولس میں تبدیل کردیا۔ دوسرے نصف مرحلے میں مقامی ٹیم کو گول بنانے کا موقع ملا لیکن ہندوستانی ٹیم کے متبادل گول کیپر ہرجوت سنگھ نے پنالٹی کارنر کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے قومی ٹیم کی سبقت کو4-0 برقرار رکھنے میں اپنا رول ادا کیا۔43 ویں منٹ میں رمندیپ سنگھ نے ایک پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے ہندوستان کے پانچواں گول کیا جس کے بعد قومی کھلاڑیوں مزید 2 گول کرتے ہوئے حریف ٹیم کے خلاف ایک بڑے فرق کی کامیابی حاصل کی۔