ہندوستان نے پہلی جنوبی ایشیائی بیڈمنٹن ٹرافی جیت لی

گوہاٹی۔6 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے نیپال کو یہاں ترون رام پھوکن انڈور اسٹیڈیم میں 3-0 سے شکست دیتے ہوئے پہلی جنوبی ایشیائی علاقائی بیڈمنٹن ٹرافی اپنے نام کر لی ہے ۔شروع سے ہی جیت کی مضبوط دعویدار ہندوستانی بیڈمنٹن ٹیم نے بغیر کوئی بھی میچ گنوائے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔ انڈر19 ٹورنمنٹ میں ہندوستان کے تیسری سیڈ آریمن ٹنڈن نے لڑکوں کے سنگلز زمرے میں دپیش دھامی کو آسانی سے 21-9، 21-15 سے شکست دے کر 1-0 کی برتری دلائی۔مقامی کھلاڑی اشمتا چالھا نے لڑکیوں کے سنگلز میچ میں راشیلا مہاراجن کو یکطرفہ انداز میں 21-9، 21-6 سے جبکہ لڑکوں کے ڈبلز زمرے میں ارنتاپ داس گپتا اور کرشنا پرساد جی نے نیپال کے دپیش اور نابن شریشٹھا کی جوڑی کو 21-19، 21-14،21-11 سے سخت مقابلے میں شکست دے کر 3-0 سے جیت درج کی۔ہندوستانی جونیئر بیڈمنٹن کوچ سنجے مشرا نے کہا ہماری ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہم بہت خوش ہیں۔ نتائج سے واضح ہے کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بہت پریشانی نہیں ہے ۔ نیپال کی ٹیم نے بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔