ہندوستان نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی

کنگسٹن ۔12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی۔ ٹورنمنٹ میں پاکستان کی یہ دوسری شکست ہے اس سے قبل اسے آسٹریلیا نے 52 رنز سے شکست دی تھی ۔ ہندوستان کے خلاف پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں پر 133رنز بنائے۔ بسمہ معروف 53 اور ندا ڈار 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ کپتان جویریہ خان 17رنز پر آؤٹ ہوگئیں۔ پونم یادیو اور ہیما لتا نے فی کس دو جبکہ آرون دھتی ریڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں قومی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 19 اوور میں تین وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔ میتھالی راج نے 16ویں نصف سنچری کا جشن منایا۔ وہ سات چوکوں کی مد دسے 56 رنز پر نمایاں رہیں۔ سمرتی مندھانا26، جیمیما روڈریگز16اور کپتان ہرمن پریت کور ناٹ آؤٹ 14رنز پر پویلین لوٹیں۔ ڈائنا بیگ، ندا ڈار اور بسمہ معروف نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ میتھالی راج کو شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیاگیا۔