ہندوستان نے نیوزی لینڈ میں بھی سیریز جیت لی

تیسرے میچ میں مہمان ٹیم 7 وکٹوں سے کامیاب

ماؤنٹ مونگانوئی ۔28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) فاسٹ بولر محمد سمیع کی شاندار بولنگ کے بعد اوپنر روہت شرما (62)اورکپتان ویراٹ کوہلی (60)کی بہترین نصف سنچریوں کی بدولت ہندستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ونڈے میں آج یہاں یکطرفہ مقابلہ میں سات وکٹ سے شکست دیکر 5 میچوں کی سیریز میں 0۔3 سے ناقبل تسخیر سبقت حاصل کرلی ۔ہندستان نے نیوزی لینڈ کے49 اورزمیں 243 رنز کے اسکور کو 43 اوورزمیں تین وکٹ پر 245 رنز بناکر حاصل کرلیا۔ سمیع نیپیئرمیں بھی پہلے ونڈے میں تین وکٹ لیکر مین آف دی میچ بنے تھے اور آج بھی وہ شاندار بولنگ کی بدولت مین آف دی میچ رہے ۔ ہندستان نے آسٹریلیا کو ٹسٹ اور ونڈے سیریز میں اسی کے گھر میں مات دینے کے بعد اب نیوزی لینڈ کو اسی کی سرزمین پر ونڈے سیریز میں شکست دے دیہے ۔ ہندستان نے 10سال بعد نیوزی لینڈ میں پہلی مرتبہ دوطرفہ سیریزجیتی ہے ۔ہندستان نے اس سے پہلے 2009 میں سیریز اپنے نام کی تھی ۔ہندستانی ٹیم اس پہلے تک نیوزی لینڈ میں صرف ایک ونڈے سیریز ہی اپنے نام کرپائی تھی ۔ ہندستان کے لیے میزبان ٹیم کا 243کا اسکور پار کرنا بہت زیادہ مشکل نہیں تھا اور اس نے فارم میں چل رہے اپنے بیٹسمینوں کی ایک اور بہترین کارکردگی کی بدولت 42گیندیں قبل ہی میچ ختم کردیا۔ روہت اور شکھر دھون نے ہندستان کو پھر اچھی شروعات دی اور 8.2 اوورز میں پہلی وکٹ کے لئے 39 رنز جوڑے ۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمینشکھردھون نے مختصر لیکن تیز رفتار اننگزکھیلی اور 27گیندوں پر28 رنز میں چھ چوکے لگائے ۔ شکھر کو فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے راس ٹیلر کے ہاتھوں کیچ کروایا۔شکھر کا وکٹ گرنے کے بعد روہت نے کپتان کوہلی کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے113رنز جوڑکر ہندستان کو جیت کی راہ پر ڈال دیا۔ روہت ٹیم کے 152کے اسکور پر آؤٹ ہوئے ۔روہت نے 77گیندوں پر 62 رنز میں تین چوکے اور دوچھکے لگائے ۔ روہت کو مشیل سینٹر نے ٹام لاتھم کے ہاتھوں اسٹمپ کروادیا۔روہت کی سیریز میں یہ لگاتار دوسری نصف سنچری تھی اور اب انکے 198میچوں میں 38 نصف سنچریاں ہوگئی ہیں۔روہت کا وکٹ گرنے کے بعد ویراٹ بھی زیادہ دیر نہیں رک پائے اور60 رنز بنانے کے بعد ٹیم کے 168کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے ۔ ویراٹ کا وکٹ بولٹ نے لیا اور ہندستانی کپتان نے 74گیندوں کی اپنی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ ویراٹ نے مسلسل تین اننگز میں نصف سنچری سے چوکنے کے بعد نصف سنچری بنائی ۔ ویراٹ کی یہ 49 ویں نصف سنچری ہے ۔ ویراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد امباٹی رائیڈونے وکٹ کیپر دنیش کارتک کے ساتھ چوتھے وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت داری میں 77رنز جوڑ کر ہندستان کو جیت کی منزل تک پہنچادیا۔ مشتبہ بولنگ ایکشن کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بولنگ سے معطل کئے گئے رائیڈو نے 42گیندوں پر ناٹ آؤٹ 40 رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ کارتک نے 38گیندوں پر ناٹ آؤٹ 38رنز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ہندستان کے اسکورمیں 16وائڈ سمیت 17اضافی رنوں کا بھی تعاون رہا۔محمد سمیع نے 9 اوورس میں 41 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کا پویلین کی راہ دیکھائی جس پر انہیں مین آف دی میچ قراردیا گیا۔