ہندوستان نے سیریز 3-2 سے جیت لی

نیوزی لینڈ 79 رنز پر آل آؤٹ ، میزبان ٹیم کی 190 رنز سے کامیابی
وشاکھاپٹنم۔30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچس کی ونڈے انٹرنیشنل سیریز 3-2 سے جیت لی۔ دونوں ٹیمیں جہاں 2-2 سے مساوی مقام پر تھیں ، پانچویں اور آخری میچ میں ہندوستان نے جہاں 269/6 رنز بنائے ، وہیں مہمان ٹیم 79 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ۔ اس طرح ہندوستان کو 190 رنز کے بھاری فرق سے کامیابی حاصل ہوئی۔کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے کہا کہ بولرس کے غیرمعمولی مظاہرے نے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ہندوستان کے خلاف آخری اور فیصلہ کن پانچویں ون ڈے میچ میں اپنے بلے بازوں کی ناقص کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم انڈیا نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور وہ جیت کی حقدار تھی۔ولیمسن نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو ‘مایوس کن’ قرار دیا۔ ولیمسن نے میچ کے بعد کہا ”ہندوستان نے پوری سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ آخری میچ کی کارکردگی کو بھلا پانا کافی مشکل ہے ۔ آپ ہاریں یا جیتیں آپ اچھی کارکردگی کی امید کرتے ہیں لیکن یہ کارکردگی تو کافی مایوس کن تھی”۔انہوں نے کہا ”ہمیں اپنے بلے بازوں سے بہتر کارکردگی کی امید تھی لیکن 20 رنز کے آس پاس آٹھ وکٹ گنوانا تو قطعی قابل قبول نہیں ہے ۔ دنیا کی بہترین ٹیم کے خلاف کھیلنے سے آپ کچھ سیکھ سکتے ہیں ۔ شکست سے سبق ملتا ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہم اس سے سبق لیں”۔ولیمسن نے اگرچہ ساتھ ہی کہا کہ ان کی ٹیم کے لئے اس دورے میں کچھ مثبت پہلو بھی رہے ۔ انہوں نے کہا ”ٹیسٹ سیریز کافی مشکل تھی اور ون ڈے سیریز میں ہم نے مشکل پچوں پر سخت چیلنج پیش کیا۔ ہم نے اچھی کوشش کی لیکن یہ ناکافی ثابت ہوئی۔ ہمیں فخر ہے کہ ہم نے ہر میچ سے کچھ سیکھا۔ٹیم میں کچھ کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے مستقبل کیلئے بہترین امکانات روشن کئے ہیں”۔