میسور 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہرمن پریت کور نے شاندار بولنگ مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف 89 رنز کے عوض 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا بلکہ مہمان جنوبی افریقی ویمنس ٹیم کے خلاف ہندوستان کی ایک اننگز اور 34 رنز کی کامیابی میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ جیسا کہ یہاں کھیلے گئے واحد ٹسٹ مقابلہ کے چوتھے اور آخری دن میزبان ٹیم نے ایک جامع کامیابی حاصل کرلی۔ قبل ازیں تیروش کامینی نے 192 رنز اور پونم راوت نے 130 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ہندوستانی ویمنس ٹیم کے اسکور 400/6 میں کلیدی رول ادا کیا۔ جس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے اپنی اننگز ڈکلیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جوابی اننگز میں مہمان ٹیم 234 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے بعد فالو آن دیا گیا جس میں بھی وہ مقابلہ کو ڈرا کرنے میں ناکام رہی اور دوسری اننگز میں اِس کے مظاہرے مزید مایوس کن رہے۔ جیسا کہ 78.2 اوورس میں وہ 132 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ آج دوسری اننگز کا مہمان ٹیم نے 83/6 سے آغاز کیا اور اِسے اننگز شکست سے محفوظ رہنے کے لئے 83 رنز بنانے تھے لیکن 37.2 میں ساری ٹیم آل آؤٹ ہوگئی۔ کل کی ناٹ آؤٹ بیٹسویمن تریشا چٹی 35 رنز اور کول ٹرائی آن 30 رنز کی ناقابل تسخیر اننگز کھیلنے کے باوجود ٹیم کو ایک شرمناک شکست سے محفوظ نہیں رکھ پائیں۔ حالانکہ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کے لئے 53 رنز کی رفاقت نبھائی۔