ڈھاکہ ۔8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) سینئرز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جونیرز نے بھی ایشیا کپ جیت لیا ہے ۔ ہندوستان نے سری لنکا کو فائنل میں 144رنز سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ جونیئر انڈر19 ایشیا کپ اپنے نام کر لیا۔ میر پور کے شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر فیصلہ کن معرکے میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں پر 304 رنز اسکور کئے۔ یش آسوی جیسوال اور انوج راوت نے پہلی وکٹ پر 121رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ یش آسوی جیسوال ایک چھکے اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 85رنز بنا کر قابل ذکر بیٹسمین ثابت ہوئے۔ کپتان سمرن سنگھ نے ناٹ آؤٹ65 ، انوج راوت 57 اور آیوش بادونی نے 52رنز کا اضافہ کیا۔ دیو دت پوڈیکل31رنز بناکر میدان بدر ہوئے۔ کلانا پریرا، کلہارا سینا رتنے اور دلیت ویلا لاگے نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سری لنکن ٹیم 305رنز کے تعاقب میں 160رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیشان مدھو شکا49، ناو پرانا ویتھانا48، پاسیندو سوریا بندارا31رنز بنا کر رخصت ہوگئے۔ ہرش تیاگی نے 38رنز کے عوض چھ کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ سدھارتھ ڈیسائی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ہر ش تیاگی کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیاگیا جبکہ یش آسوی جیسوال کو ٹورنمنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔