تین میچوں کی سیریز میں دھونی کی ٹیم کو صفر کے مقابلے دو سے ناقابل تسخیر سبقت
ملبورن ۔ 29 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ٹیم نے آج دوسرے میچ میں آسٹریلیا کو 27 رنز سے شکست دیتے ہوئے تین میچوں کی رواں ٹی ۔ 20 سیریز میں صفر کے مقابلے دو سے ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی ۔ اس کامیابی پر ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے اپنی ٹیم کے بولرس کو انتہائی فراخدلی کے ساتھ بھرپور شاباشی دی ہے ۔ دھونی نے میچ کے بعد کہا کہ ’’اسپنرس نے بہت خوب کام کیا اور ہاردک ( پانڈیا) کا اوور بھی خوب رہا جس میں منے والا ( کرس لن کا ) وکٹ بہت اچھا تھا ‘‘ ۔ روہت شرما (60) اور ویراٹ کوہلی (59) کی نصف سنچریوں کے علاوہ شکھر دھون کے 42 فائدہ بخش رنوں کے ساتھ ہندوستانی ٹیم تین وکٹ کے نقصان سے 184 رنز کا بھاری اسکور بنائی ۔ بعد ازاں ہندوستانی بولرس نے جارحانہ گیندبازی کے ذریعہ آسٹریلیا کے میڈل آرڈر کو تاش کے پتوں کے طرح بکھیرتے ہوئے اس طاقتور ٹیم کو محض 157/8 تک محدود کردیا ۔ آسٹریلیا کے کپتان ارون فنچ اور شین واٹسن طاقتور کھیل کا مظاہرہ کررہے تھے کہ رویندر جڈیجہ نے 15 ویں اوور میں مواخرالذکر کو کیچ لیتے ہوئے پویلین بھیج دیا۔ دھونی نے جڈیجہ کے اس کیچ کو بہت خوب قرار دیا اور کہاکہ اس سے کافی مدد ملی ۔ دھونی نے کہاکہ حتیٰ کہ اگر ہم اچھا کھیل نہیں کھیلتے ہیں تو بھی ان حالات میں ایسی کیچ کافی مفید ہوا کرتی ہے ‘‘۔ کوہلی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ انھوں نے کہاکہ اس وکٹ سے ملنے والے پیس اور باؤنس کو وہ کافی پسند کرتے ہیں۔