ہندوستان میں ٹیکس استحکام و کاروبار کیلئے سازگار ماحول کا تیقن

وزیر اعظم نریندر مودی کی ٹاپ امریکی کارپوریٹس سے ملاقات : کئی امریکی ادارے ہندوستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ‘ مودی کی ستائش
نیویارک 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی زبردست کوشش میں وزیر اعظم نریندر مودی نے آج امریکہ کے ٹاپ کارپوریٹس کو تیقن دیا کہ ہندوستان میں ٹیکس استحکام پر اور کاروبار کیلئے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائیگا ۔ بحیثیت وزیر اعظم اپنے اولین دورہ امریکہ کے موقع پر مودی نے امریکہ کے کئی کارپوریٹ ایگزیکیٹیوز سے ملاقات کی جن میں بوئنگ کے نمائندے ‘ پیپسی کو کے نمائندے ‘ گوگل کے نمائندے ‘ کے کے آر اور جنرل الیکٹرک جیسی کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ ہندوستانی مارکٹس کی قوت خرید کو دیکھتے ہوئے امریکی کارپوریٹس نے ہندوستان کے ساتھ اپنے کاروبار کو وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا خاص طور پر ایسے وقت میں جبکہ یہاں نئی حکومت قائم ہوگئی ہے اور وہ ’’ میک ان انڈیا ‘‘ مہم کے ذریعہ مختلف اقدامات کر رہی ہے ۔ مودی نے امریکی سی ای اوز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کا ماننا ہے کہ اعتماد سازی کیلئے ٹیکس استحکام بہت ضروری ہے ۔ مودی نے یہ تیقن ایسے وقت میں دیا ہے جبکہ ملک میں کئی ملٹی نیشنل کمپنیوںکو ٹیکس امور میں قانونی چارہ جوئی کا سامنا ہے ۔ کارپوریٹس کو راغب کرنے کی کوشش میں مودی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کوئلہ الاٹمنٹ مسئلہ پر سپریم کورٹ کا جو فیصلہ آیا ہے اسے ماضی کو صاف کرنے اور آگے بڑھنے کے موقع کے طور پر استعمال کریں۔ یہ تاثر پایا جارہا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتیجہ میں نہ صرف سرمایہ کاروں کے جذبات بلکہ بحیثیت مجموعی کاروباری ماحول متاثر ہوگا۔ مودی نے ان صنعتکاروں سے خطاب میں ہندوستان میں انفرا اسٹرکچر کے فروغ اور مزید روزگار کے مواقع پیدا کرنے و معیار زندگی کو بہتر بنانے بھاری سرمایہ کاری پر زور دیا ۔ امریکی کمپنی جنرل الیکٹرک کے سی ای او جیف امیلٹ نے ہندوستان کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ قرار دیا اور کہا کہ وہ ہندوستان میں مزید سرمایہ کاری کے منتظر ہیں۔ مودی سے ملاقات کے بعد انہوں نے کہا کہ جنرل الیکٹرک ہندوستان میں ایک طویل مدتی سرمایہ کار ہے اور ہم مستقبل میں مزید سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ مودی کو کرشماتی لیڈر قرار دیتے ہوئے گولڈمن ساچس کے سربراہ لائیڈ بلانکفین نے کہا کہ ان کی کمپنی بھی ہندوستان کی ترقی کے سفر میں شامل ہونا چاہتی ہے ۔ امریکی کارپوریٹس بشمول ٹکنالوجی کی مہارت والی کمپنی آئی بی ایم نے حکومت ہند کے کئی پراجیکٹس بشمول اسمارٹ سٹی پراجیکٹ میں حصہ دار بننے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ ڈیفنس سے متعلق کمپنی بوئنگ کے سی ای او جیمس مک نرنی نے کہا کہ ان کی کمپنی ہندوستان کے ساتھ اپنی مصروفیت میں تیزی پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران آئی بی ایم کے سی ای او ورجینیا رومیٹی نے اسمارٹ سٹیز اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے حکومت کے پراجیکٹس میں حصہ لینے سے دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ ہندوستان میں درپیش مواقع کے تعلق سے مثبت توقعات کا اظہار کرتے ہوئے دنیا کے سب سے بڑا ایسیٹ مینیجر بلیک راکس کے سی ای او لارنس فلک نے مودی سے کہا کہ وہ آئندہ سال ہندوستان میں عالمی سرمایہ کاری اجلاس منعقد کریگی ۔ مودی سے ملاقات کے بعد ہندوستانی نژاد اندرا نوئی نے جو پیپسی کو کی سربراہ ہیں کہا کہ ‘ مودی نے سوالات کے بہترین جواب دئے ہیں اور وہ ہندوستان کو بہتر بنانے پر توجہ رکھتے ہیں ایسے میں ہم ان کے ساتھ کام کرکے بہتر محسوس کرینگے ۔ ماسٹر کارڈ کے سی ای او ہندوستانی نژاد اجئے بنگا نے کہا کہ وزیر اعظم نے کارپوریٹس کے خیالات کی اچھی طرح سماعت کی اور ان کا یہ ماننا ہے کہ مودی اپنے منصوبوں کو اسی طرح عملی شکل دینگے جیسا انہوں نے گجرات میں کیا ہے ۔ مودی نے ظہرانہ پر ہوئی کارپوریٹس سے ملاقات میں کہا کہ ہندوستان کاروبار کیلئے کھلا ذہن رکھتا ہے اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں ۔ یہ تبدیلی یکطرفہ نہیں ہے ۔ تقریبا تمام کارپوریٹس نے جو اجلاس میں شریک تھے مودی کی ستائش کی ۔