نئی دہلی ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) فیفا کی ٹیم جو کہ یہاں 2017 ء میں منعقد شدنی انڈر 17 فیفا ورلڈکپ کیلئے تیار کردہ میدانوں اور انفراسٹرکچر کے معائنہ کیلئے پہنچی ہے ۔ اس نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کی صلاحیت موجود ہے۔ فیفا کے ایونٹ مینجمنٹ کامپٹیشن ڈیویژن کے صدر اور ڈپٹی ڈائرکٹر ایناکی الویریس نے کہا ہے کہ ہندوستان میں میزبانی کی تمام تر صلاحیتیں موجود ہونے کے علاوہ ایک مثال قائم کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔ دریں اثناء آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے حیران کن طور پر معائنہ کے بعد میڈیا کو فیفا کے وفد سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع نہیں دیا۔
ہربھجن کی قومی ٹیم میں واپسی ممکن: گنگولی
کولکتہ ۔ 26 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) فی الحال ہندوستانی ٹیم سے باہر رہنے والے سینئر آف اسپنر ہربھجن سنگھ کے متعلق ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا ہے کہ ہربھجن سنگھ کی ٹیم میں واپسی ممکن ہے لیکن سلیکٹروں کو کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے من پسند کھلاڑیوں سے آگے دیکھنا ہوگا۔ نیوز چیانل کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں گنگولی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہربھجن سنگھ کی دونوں طرز کی کرکٹ میں واپسی ممکن ہے۔ ہربھجن سنگھ کو ہندوستان کے نمبر ایک اسپنر قرار دیتے ہوئے گنگولی نے سلیکٹروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دھونی کی پسند کو ترجیح دی جارہی ہے۔