ہندوستان میں سیاحت کے فروغ کیلئے دوبئی میں روڈ شو

دوبئی ۔ 20 ۔ مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) نے اپنی سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینے کیلئے ہندوستان میں ایک روڈ شو کا اہتمام کیا ہے جہاں سیاحوں کو خلیجی ملک کی سیاحت کرنے اور خصوصی پیشکش کے ذریعہ راغب کیا جارہا ہے جو ہندوستانی منڈی کی ضروریات کی تکمیل بھی کرسکے گا ۔ روڈ شو میں قومی ایئرلائنز کمپنیوں کے علاوہ ٹراویل اینڈ ٹورازم گروپس اور مختلف ہوٹلس کے نمائندے شرکت کریں گے ۔ دریں اثناء نیشنل کونسل فار ٹورازم اینڈ انٹیکٹیوٹیز کے ڈائرکٹر جنرل محمد خمیص بن حرب المہیری نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی مارکیٹس نے سیاحت کے شعبہ میں بہت اہم رول ادا کیا ہے ۔ دنیا میں سیاحت کا شعبہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں عام طور پر ہندوستان نے اپنے وجود کو منوایا ہے ۔ خصوصی طو رپر یو اے ای میں اس کی دو اہم وجوہات یہ ہیں کہ ہندوستان اور یو اے ای جغرافیائی طور پر بھی ایک دوسرے سے قریب ترہیں اور دونوں ممالک کے درمیان قدیم تعلقات بھی اس کی اہم وجہ ہے ۔ یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی WAM نے بھی اس بات کی توثیق کی روڈ شو کا مقصد ہندوستان میں سیاحت کو فروغ دینا ہے تاکہ ہندوستانی مارکیٹس کو درکار ضرورتوں کی تکمیل کی جاسکے ۔ روڈ شو کی لانچننگ وزیر ثقافت ، یوتھ کمیونٹی ڈیولپمنٹ اور صدرنشین نیشنل کونسل فار ٹورازم اینڈ انٹیکیوٹیز شیخ نہیان بن مبارک انہیان کے ہاتھوں عمل میں آئی ۔ یہ روڈ شو اپنی نوعیت کا دوسرا شو ہے ۔ قبل ازیں 2012 ء میں بھی اسی نوعیت کا روڈ شو منعقد کیا گیا تھا جس کے بہترین نتائج سامنے آئے تھے اور اس طرح بہت سی کمپنیوں اور تنظیموں نے دوسرے روڈ شو کیلئے بھی آمادگی کا اظہار کیا تھا ۔