ہندوستان میں خواتین کی اکثریت امراض قلب میں مبتلا

بیدر 11 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عام طور پر تصور کیا جاتا ہے کہ اس امراض قلب کے معاملہ میں ہندوستان میں مرد زیادہ تر ان امراض میں مبتلا ہوتے ہیں۔ تاہم 2014 ء میں سفولا لاف نامی ادارے نے جو ہندوستان بھر میں امراض قلب کے سلسلہ میں ایک جامع سروے رپورٹ تیار کی ہے۔ اس رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ گزشتہ تین برسوں سے ہندوستان میں مردوں کے مقابلے زیادہ تر خواتین میں دل سے متعلق مختلف بیماریاں پائی جارہی ہیں۔ سفولا لائف ادارہ نے گزشتہ تین سال کے دوران ملک بھرمیں جائزہ لے کر اپنی یہ سروے رپورٹ تیار کی ہے۔ آج ایک پریس کانفرنس کے دوران اس رپورٹ کے ڈائرکٹر ڈاکٹر پی جی مرلی دھر جو نامور کارڈیالوجسٹ بھی ہیں اور ٹیرنٹی ہسپتال، ہارٹ فاؤنڈیشن کے ڈائرکٹر بھی ہیں، اُنھوں نے بتایا کہ تین سال تک سروے کے بعد جو رپورٹ تیار کی گئی ہے اس سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہری علاقوں میں جن 517 افراد کا اُنھوں نے جائزہ لیا ہے اس سے یہ پتہ چلا ہے کہ 35 سال سے زائد عمر کی ہر 5 خواتین میں سے 3 خواتین میں امراض قلب کا خطرہ زیادہ نظر آرہا ہے۔ 35 تا 44 سال کی عمر کی خواتین میں امراض قلب کا پتہ لگا ہے۔ سفولا لائف نے ہندوستان کے 12 میٹرو شہروں میں 1.6 لاکھ افراد کا سروے کیا ہے جن میں 32 فیصد مردوں کی عمر 60 سال سے کم تھی۔ سروے سے حاصل اس ڈاٹا کو آئی ایم آئی بی انٹرنیشنل نے انالیسیس کیا ہے۔ دیگر 11 شہروں کے مقابلے بنگلور شہر میں 35 سال سے کم عمر کی 63 فیصد خواتین شہری لائف اسٹائل کو اپناکر زندگی گزار رہی ہیں۔ 33 فیصد خواتین کا پیٹ بھرا ہوا ہے اور وہ موٹی ہوگئی ہیں۔ یہ خواتین اپنے کھانے پینے میں احتیاط نہیں برت رہی ہیں جس کے نتیجہ میں امراض قلب کا شکار ہوسکتی ہیں۔ جس کے اثرات ان میں پائے جارہے ہیں۔ 35 سال سے زائد عمر کی ہر 4 خواتین میں سے 3 خواتین کا وزن ضرورت سے زیادہ پایا گیا ہے اور یہ خواتین CVD امراض کا شکار ہوسکتی ہیں۔ 90 فیصد خواتین جو سگریٹ نوشی کی عادی ہیں، ان میں CVD امراض کا زیادہ خطرہ پایا گیا ہے۔ 97 فیصد خواتین جو ہائی بی پی کے مرض میں مبتلا ہیں ان میں بھی سی وی ڈی امراض کا خطرہ زیادہ ہے۔ 69 فیصد گھریلو خواتین جن کی عمر 35 سال سے زیادہ ان میں اور 67 فیصد ورکنگ ویمنس میں بھی امراض قلب کا خطرہ زیادہ ہے۔ اُنھوں نے یہ مشورہ دیا کہ شہری علاقہ کی خواتین کیلئے ضروری ہے کہ 35 سال کی عمر کے بعد ہر 6 ماہ میں ایک مرتبہ اپنا مکمل چیک اپ کرائیں۔ خصوصاً جسم میں کولسٹرول کی مقدار کا پتہ لگاکر ڈاکٹروں سے صحیح مشورے لے کر ان پر عمل کریں۔ اس سلسلہ میں جانکاری اور معلومات کے لئے خواتین 08880388808 پر ربط کریں یا ویب سائٹ safolalife.com پر دیکھیں۔